بجٹ لالی پاپ ،نئی اسمبلی بلڈ نگ کے سوا کچھ نیا نہیں ، حمزہ
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کسی مذاق سے کم نہیں، نمک پاشی کی گئی عوام اور اپوزیشن حکمرانوں کا محاسبہ کریں گے ، میڈیا سے گفتگو
لاہور(سیاسی رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے پنجاب کے بجٹ کو ‘‘لولی پاپ ’’قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں نئی اسمبلی بلڈ نگ کے علاوہ کچھ بھی نیا نہیں ، عوام اور اپوزیشن مل کر حکمرانوں کا محاسبہ کریں گے ، کنٹینر پر چڑھ کر جھوٹے وعدے کئے گئے اب ان کے کنٹینرز سے اترنے کا وقت آ گیا ہے ۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ پنجاب کا بجٹ پیش کیا گیا جو نمبرز کا گورکھ دھندا تھا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں صرف دس فیصد اضافہ کیا گیا ، حمزہ شہباز نے کہاکہ ایک طرف ٹیکس فری بجٹ تو دوسری طرف پٹر ول کی قیمت بڑھا دیتے ہیں جو باتیں ایک دوسرے کی نفی کرتی ہیں ، اشیا ئے خور دو نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیاہے بجلی کی قیمت 28 روپے بڑھائی گئی دو کروڑ لوگوں کا مزید غربت میں اضافہ ہوا۔ آج جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر میں لوڈ شیڈنگ پر کوئی پوچھنے والا نہیں ، حمزہ شہباز نے کہاکہ ہائر ایجوکیشن کا تین سال بعد بھی بجٹ تین ارب کم رکھا ہے ، اٹھائیس روپے فی یونٹ بجلی مہنگی ہوگی تو کیسے انڈسٹری چلے گی۔ پنجاب کا موجودہ بجٹ اور وزیر خزانہ کی تقریر غر یب بے روزگار وں اور فاقہ کش عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے ’ سر کاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کسی مذاق سے کم نہیں،ہم ذمہ دار اپوزیشن کر رہے ہیں، تنقید برائے تنقید کے قائل نہیں ہم موجودہ حکمرانوں کو سیاسی شہید بننے کا موقع نہیں دینا چاہتے ۔ قوم تحریک انصاف کی حکومت کی اصلیت جان چکی ہے ،بجٹ کی بھر پور مخالفت کر یں گے ۔ ہمیں بھی لوگ کہتے تھے کہ زرداری کو اندر کر دیں اگر ہم بھی اس کام میں پڑ جاتے تو 12 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے ، 3 میٹروز اور دیگر ترقیاتی منصوبے نہ بنتے 3 سالوں میں ان حکمرانوں نے سوائے انتقام کے کچھ نہ کیا ، جب استعفوں کا فیصلہ ہوا تو میں جیل میں تھا، پی ڈی ایم کا فیصلہ مشترکہ استعفوں کا تھا ۔شہباز شریف اپوزیشن کو پارلیمان کے اندر متحد کر چکے ہیں، آئندہ بھی اپوزیشن سے مل کر مشترکہ فیصلے کئے جائیں گے ۔