شہباز شریف کی تقریر اعداد و شمارعوام سے چھپانے کیلئے روکی گئی : بلاول

شہباز شریف کی تقریر اعداد و شمارعوام  سے چھپانے کیلئے روکی گئی : بلاول

اپوزیشن قائد حزب اختلاف کی رہنمائی میں سپیکر ،ڈپٹی سپیکر کے خلاف کوئی فیصلہ کرے تو پیپلز پارٹی حمایت کریگی ، میڈیا گفتگو آئی ایم ایف کا بجٹ جوں کا توں پیش ، پٹرول 20 روپے لٹر اور چینی 7روپے کلو مہنگی ہوگی ،جسے ہم ناکام بنائینگے ، بیان

اسلام آباد، کراچی (سٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہا ہے ،حکومت تین سال سے کنٹینر پر کھڑی ہے اور وہیں سے حکومت چلانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن قائد حزب اختلاف کی رہنمائی میں سپیکر اورڈپٹی سپیکر کیخلاف کوئی فیصلہ کرے تو پیپلز پارٹی حمایت کرے گی ،اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ قائد حزب اختلاف کی تقریر کو اس لیے روکنے کی کوشش کی گئی تاکہ حقیقی اعداد و شمار عوام تک نہ پہنچیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کتنی ہی بچگانہ حرکتیں کرے لیکن عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتی ،جس طرح سپیکر اور ڈپٹی سپیکر اپنا کردار ادا کررہے ہیں اْن کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ،جس طرح بجٹ کو ناکام کرنے کیلئے اپنے سارے ووٹ اپوزیشن لیڈر کودئیے ہیں اسی طرح ان کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے تو سارے ووٹ دیں گے ۔ادھر اپنے بیان میں بلاول نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ملازموں نے بجٹ تیار کرکے عمران خان کو دیا جسے کسی بھی غور کے بغیر جوں کا توں پیش کردیا گیا، عوام دشمنی کی بنیاد پر بنائے گئے سلیکٹڈ بجٹ کے ہر صفحے پر عوام کے معاشی قتل عام کی ترکیبیں لکھی ہیں۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو اور اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاواسطہ ٹیکس کے بجائے اربوں روپے کے بالواسطہ ٹیکس لگانے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے ۔ عام آدمی کے استعمال کی ہر شے پر اربوں روپے کا بالواسطہ ٹیکس لگادیا جس کے بعد ملک میں مہنگائی کا ایک نیا سونامی آنے والا ہے ، پٹرول پر 20 روپے لٹر اور چینی پر سات روپے فی کلو کا اضافہ بالواسطہ ٹیکس کی وجہ سے ہونے والا ہے ، جسے ہم ناکام بنائیں گے ۔ جب کمپنیاں خام تیل اور ایل این جی پر 17 فیصد سیلز ٹیکس دیں گی تو پٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھیں گی ، اس بالواسطہ ٹیکس کا بوجھ عوام پر ہوگا ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے عوام نے آن لائن خریداری شروع کی تو عمران خان نے اس پر بھی سیلزٹیکس لگادیا، عام آدمی آخر جائے تو کہاں جائے ،یہ المیہ نہیں تو کیا ہے کہ وطن سے دور پاکستانی روزگار سے محروم پاکستانیوں کو ملکی برآمد سے زیادہ ترسیلاتِ زر بھیج رہے ہیں۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جس میں صوبے کے حالات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتا یا گیا کہ سندھ میں مردم شماری کم دکھائی گئی جس کیوجہ سے وسائل بھی کم مل رہے ہیں، ٹی پی لنک کینال کھول کر دانستہ طور پر سندھ کی 60 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ پانی کی قلت پیدا کی گئی، ارسا کی ناانصافی کو ہم سندھ پر معاشی حملہ تصور کرتے ہیں۔ اجلاس میں شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے بھی بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں