ورکنگ باؤنڈری، کنٹرول لائن، افغان سرحد پر آپریشنل تیاریاں جاری رکھی جائیں : آرمی چیف
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں ردالفساد ودیگرآپریشنز پر اطمینان، کے پی میں ضم اضلاع کی ترقی کاجائزہ ، جنرل باجوہ نے تربیت کے اعلیٰ معیار،کورونا ،ٹڈی دل، پولیوکیخلاف کوششوں میں معاونت پر فارمیشنوں کی تعریف کی
لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 78 ویں دوروزہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈروں ، پرنسپل سٹاف افسروں اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈروں نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے دوران شرکا کو موجودہ جیو سٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی کے چیلنجز اور ابھرتے خطرے کا جواب دینے کیلئے اپنی سٹریٹجی پر بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے گوناگوں پیشہ وارانہ امور پر تفصیلی بحث کی۔ فوجی سازوسامان کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے اور ابھرتے آپریشنل تقاضوں کے مطابق لاجسٹک انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں کے حوالے سے ملکی استحکام کیلئے پاکستان بھر میں جاری آپریشنز میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم خصوصاً قبائلی علاقوں کے عوام کی عظیم قربانیوں پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔فورم نے خیبرپختونخوا میں نئے ضم ہونیوالے اضلاع اور بلوچستان میں سماجی ومعاشی ترقی کے اقدامات میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔مشرقی سرحد کی موجودہ صورتحال اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالیہ پیش رفت کے جائزے کے دوران فورم نے کشمیری عوام کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ، فورم کو افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی معنی خیز سپورٹ اور بارڈر سکیورٹی کو موثر بنانے کیلئے اقدامات سے متعلق بھی آگاہی دی گئی۔ آرمی چیف نے ابھرتے جیو سٹریٹجک ماحول کے پیش نظر لائن آف کنٹرول/ ورکنگ باؤنڈری اور پاک افغان بارڈرپر آپریشنل تیاری کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر خصوصی زور دیا۔مختلف فوجی مشقوں کے دوران فارمیشنوں کی جانب سے اعلیٰ تربیتی معیار کے مظاہرے کو سراہا، مزید براں مختلف عالمی تربیتی تقریبات اور مقابلوں میں شریک افسروں اور جوانوں کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے تربیت اور عزم و حوصلے کے اعلیٰ معیار پر مستقل توجہ دینے پر فارمیشنوں کی تعریف کی جوکہ ان کی آپریشنل تیاری میں اضافہ کرتی ہیں۔ آرمی چیف نے کووڈ 19 ، ٹڈی دل اور پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں کو بھرپور سپورٹ کرنے پر فارمیشنوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاک فوج ہرممکن طریقے سے قوم کا دفاع اور خدمت جاری رکھے گی۔ آرمی چیف نے سپورٹس اور ٹریننگ میں بہترین مجموعی کارکردگی پر منگلا اور ملتان کور کو ٹرافیاں پیش کیں۔