برطانیہ کا متوازن کردار قابل قدر ہے :آرمی چیف

برطانیہ کا متوازن کردار قابل قدر ہے :آرمی چیف

دوطرفہ روابط کی تزویراتی صلاحیت بہتر بنانا چاہتے :ہائی کمشنر سے گفتگو ، دورہ آرٹلری سنٹر، لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز کوکرنل کمانڈنٹ کا بیج لگایا

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گزشتہ روز برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹن ٹرنر نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال بشمول افغان امن عمل میں حالیہ پیش رفت اور کووڈ 19 کی جنگ میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امور میں برطانیہ کے متوازن کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، ہم تعلقات کی بنیاد پردوطرفہ روابط کی تزویراتی صلاحیت کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ معزز مہمان نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز آرٹلری سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کمانڈر کور 4 لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کو آرٹلری کور کے کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگائے ۔ تقریب میں سبکدوش ہونیوالے آرٹلری کور کے کرنل کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل (ر)ہمایوں عزیز کے علاوہ بڑی تعداد میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسر اور جوان شریک ہوئے ۔افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے تمام پیشہ ورانہ شعبوں میں اعلیٰ معیار بشمول آپریشنز کے دوران ان کی مثالی کارکردگی کے مظاہرے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی تیاری کیلئے پاک فوج کور آف آرٹلری کو جدید تر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں