مزید افغان مہاجرین کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے :شاہ محمود

مزید افغان مہاجرین کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے :شاہ محمود

بھارت میں یورینیم برآمدگی معاملہ فورم پر بلند کیا، میڈیا بھی اجاگر کرے

ملتان (سٹاف رپورٹر،اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ہم آج بھی 30لاکھ افغان شہریوں کی خدمت کررہے ہیں اب مزید بوجھ نہیں اٹھاسکتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا افغانستان سے فورسزکے انخلاکے بعدوہاں پر افراتفری کاخدشہ ہے ، سب سے زیادہ افغانستان متاثر ہوگا۔ پاکستان بھی اس کی زدمیں آسکتاہے ۔ افغانستان سے فوجیوں کے انخلاکافیصلہ ہوچکاہے اورمیراخیال ہے کہ یہ انخلا ستمبر سے پہلے مکمل کرلیاجائے گا۔کچھ قوتیں افغانستان میں اورباہر بیٹھ کر پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہیں مگروہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ جے شنکرکی طالبان سے ملاقات نہیں ہوئی ہے ، طالبان نے اس حوالے سے تردیدکردی ہے اورمودی سرکارکی کشمیری رہنمائوں کے ساتھ ہونے والی نشست میرے خیال میں لاحاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سمیت کچھ قوتیں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو سیاسی طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا اب کوئی جواز نہیں بنتا۔فیٹف کی گرے لسٹ پاکستان کو دباؤ میں رکھنے کا ذریعہ ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں گرے لسٹ میں گیا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے فیٹف ایکشن پلان پر تیزی سے عمل کیا۔ اس کے 27 میں سے 26 اہداف پر عملدرآمد ہو چکا ہے ، اب پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ علاوہ ازیں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورہ اوربعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا جنوبی پنجاب کے لئے 33فیصد علیحدہ بجٹ مختص ہونا بارش کا پہلا قطرہ ہے ۔ علیحدہ بجٹ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کے ا زالے کا آغاز ثابت ہو گا،وسیب کی تقدیر بدلنے کے لئے تمام اختیارات کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل ہونا ضروری ہے ۔ علیحدہ صوبے کا قیام خطے کی تیز ترین ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا بھارت میں یورنیم کی برآمدگی کا معاملہ ہم نے مناسب فورم پر بلند کیا ہے ۔ اگر یہ واقعہ پاکستان میں رونما ہوتا تو بھارتی میڈیا نے اس مسئلے کو طوفان کے طور پر اٹھانا تھا۔ لیکن ہمارے میڈیا نے اس معاملے کو موثر طور پر اجاگر نہیں کیا۔ میں پاکستان میڈیا سے درخواست کرونگا کہ وہ اس مسئلے کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرکے پاکستانی حکومت اور عوام کے جذبات کی بھر پور ترجمانی کریں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں