پیپلزپارٹی،ن لیگ،پی ٹی آئی یک جان تین قالب:سراج الحق
بڑی جماعتیں آئی ایم ایف ،فیٹف کی تابعدار،بجٹ پاس کرانے میں اپوزیشن کا ہاتھ دوقومی نظریہ سے متصادم نصاب قبول نہیں :مجلس شوریٰ اجلاس سے خطاب
لاہور (سیاسی نمائندہ، دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ،ن لیگ اور پی پی یک جان تین قالب ہیں۔بجٹ پاس کرانے میں بڑی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی بھرپور معاونت کی۔ ثابت ہوگیا کہ تینوں آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی تابعداری میں ایک ہیں۔ساری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے دودھ کا فیڈر حاصل کرنے پر ہو رہی ہے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عام آدمی کو لوٹا اور مافیاز کو نوازا۔ کوئی ایسا نصاب قبول نہیں کریں گے جو دو قومی نظریہ سے متصادم ہو۔ وہ منصورہ میں سید مودودی انسٹیٹیوٹ کے طلبہ سے خطاب کررہے تھے ۔ امیر جماعت نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے سیکٹرز میں بنیادی ریفارمز متعارف کرانی پڑیں گی۔ دریں اثنا جماعت اسلامی مرکزی مجلس شوریٰ نے اپنے حالیہ اجلاس ملک کی انتہائی ناگفتہ بہ اور مسلسل زوال پذیر معاشی صورتحال پر گہری تشویس کا اظہار کیا ہے ۔ اجلاس میں منظور کی گئی قرار داد میں میں کہا گیاہے کہ معیشت تباہی کے دہانے تک پہنچ چکی ہے ۔ موجودہ بجٹ میں تین ہزار 60 ارب روپے کا سود شامل ہے جو بجٹ کا 33فیصد بنتا ہے ۔ بجلی اور گیس کی کھپت میں قریبا 23فیصد کمی کے باوجود صنعتی شعبہ میں ترقی دکھائی گئی ۔