پاکستان مختلف خطوں میں پل کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ، آرمی چیف

پاکستان مختلف خطوں میں پل کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ، آرمی چیف

پاکستان داخلی اور عالمی امن کا حامی ، افغانستان میں امن دشمنوں کی وجہ سے علاقائی عدم استحکام کا خطرہ ہے قوم اور افواج میں اٹوٹ بندھن توڑنے کی خواہشمند قوتوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا:این ڈی یو میں خطاب

لاہور (نیوز ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان داخلی اور عالمی امن کا حامی اورمستقبل میں خطوں کے مابین پل کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔انہوں نے گزشتہ روز نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے 21 ویں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکا سے خطاب کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے خطاب میں آرمی چیف نے ابھرتے سٹریٹجک و علاقائی ماحول پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے افغان امن عمل کیلئے پاکستانی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا افغانستان میں امن دشمنوں کی وجہ سے علاقائی عدم استحکام کا خطرہ ہے ، مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی ٹھوس حمایت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن اور دیرپا حل پر زور دیا، پاک فوج سے متعلق اپنا ویژن شیئر کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ ڈاکٹرئن کا مسلسل جائزہ لینے اور مختلف شعبوں میں ابھرتے خطرات سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے ہم آہنگ حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت، قابلیت اور فرائض کی لگن کو پاکستان کا امتیازی نشان قرار دیا اور آپریشنل تیاریوں کا مستقل معیار برقرار رکھنے کیلئے جدید بنیادوں پر فوجی تربیت دینے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہادشمن پرمعیار کی برتری قائم رکھنے کیلئے جدید خطوط پر تربیت اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کا حصول ناگزیر ہے ۔ جدید ہتھیاروں سے لیس اعلیٰ تربیت یافتہ فوج جیسے عوام کی غیر متزلزل حمایت بھی حاصل ہو، کسی بھی چیلنج پر فتح پا سکتی ہے ، قوم اور مسلح افواج کے مابین اٹوٹ بندھن توڑنے کی خواہشمند قوتوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے شرکا کو اپنے کورس کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور انہیں تجویز دی کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت کو مزید بہتر بنانے پر فوکس کرتے ہوئے جنگ وجدل کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیوں سے باخبر رہیں جوکہ قومی سلامتی کی نئی تعریف کا باعث بن رہی ہیں۔ قبل ازیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچے پر آرمی چیف کا استقبال صدر این ڈی یو لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں