ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کا حکم : غفلت برداشت نہیں ہوگی : بزدار
درکار آلات،وسائل کا اہتمام کیا جائے ، پیشگی انتظامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا،ضلع کی سطح پر ایمرجنسی پلان تیار کیے جائیں ، 10سالہ تباہی کی داستان الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں:وزیر اعلیٰ،دوست مزاری کی رہائش گاہ جا کر سسر کی وفات پر تعزیت
لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مون سون سیزن میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظرضروری حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری آبپاشی کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے منظور شدہ پلان کے تحت ہر ضروری قدم اٹھایا جائے اور ایس او پیز کے تحت پیشگی حفاظتی اوردیگر ضروری انتظامات کوفی الفور حتمی شکل دی جائے ۔سیلاب کے خدشے کے پیش نظر درکار آلات، مشینری او رانسانی وسائل کا اہتمام کیا جائے ، ممکنہ سیلاب کے انتظامات میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، پیشگی انتظامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا۔ ضلع کی سطح پر ایمرجنسی پلان تیار کیے جائیں۔اضلاع میں سانپ کے کا ٹے کے علاج کی میڈیسن وافر مقدار میں موجود ہونی چاہئیں ۔ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی کی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث صوبے میں 1300ارب روپے کا تھرو فارورڈ ورثے میں ملا۔ سابق حکمران اپنی\"گڈگورننس\"کے باعث 4 ہزار نامکمل ترقیاتی منصوبے چھوڑ کر گئے ۔پنجاب میں گزشتہ دس سال میں تباہی کی جو داستان لکھی گئی وہ الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے سسر سردار نعیم مزاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔