بدلتی صورتحال کے پیش نظر چوکس رہنے کی ضرورت : آرمی چیف
کورونا کے مکمل خاتمے تک احتیاط برتنے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا چاہئے ،گیریژن افسروں سے خطاب کور ہیڈکوارٹرز منگلا کا دورہ ،آپریشنل تیاری ، انتظامی امور بارے بریفنگ ،جدید تربیت کیلئے لگن اور کارکردگی کی تعریف
لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمیں بدلتی صورتحال کے پیش نظر چوکس رہنے اور ہر صورت میں سہل پسندی سے دور رہنے کی ضرورت ہے ۔گیریژن افسروں سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ افغان امن عمل کیلئے انہوں نے بارڈر سکیورٹی پر فوکس کرتے ہوئے مغربی زون کی مینجمنٹ مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ عالمی وبا کی روک تھام اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوجی حکام کے سول انتظامیہ کیساتھ بھرپور تعاون کی تعریف کی اور کہا کہ عالمی وبا کے مکمل خاتمے تک ہمیں زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے اور متعلقہ ایس او پیز پر سختی سے عمل چاہئے ۔آرمی چیف نے گزشتہ روز کور ہیڈکوارٹرز منگلا کا دورہ کیاجہاں ان کا استقبال کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمو د نے کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو آپریشنل تیاری، تربیت اور کور کے انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں کور کی سطح پر جاری جنگی مشقوں کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی جن کا مقصد ابھرتے جنگی چیلنجوں کے پیش نظر آپریشنل منصوبوں کا جائزہ لینا ہے ۔ آرمی چیف نے سٹرائیک کور فارمیشنوں کی مستقبل کے تقاضوں پرمبنی جدید تربیت کیلئے لگن اور کارکردگی کی تعریف کی۔