آرمی چیف سے چینی سفیر، قطر کے خصوصی نمائندے کی ملاقات

آرمی چیف سے چینی سفیر، قطر کے خصوصی نمائندے کی ملاقات

جنرل باجوہ کا مسٹر نونگ رونگ سے باہمی دلچسپی،علاقائی سکیورٹی ،دوطرفہ تعاون ، سی پیک میں پیشرفت پر تبادلہ خیال ، ڈاکٹرمطلق سے ملاقات میں افغانستان کی تازہ صورتحال پرگفتگو،امن یقینی بنانے کیلئے مستقل تعاون کی امید، آئی ایس پی آر

لاہور( نیوزڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجو ہ سے چینی سفیر اورقطر کے وزیرخارجہ کے خصوصی نمائندہ کی الگ الگ ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں چین کے سفیر مسٹرنونگ رونگ نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ، جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات، علاقائی سکیورٹی اورمختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے دوطرفہ امور اورپا ک چین اکنامک کوریڈور میں تازہ ترین پیش رفت کے امور زیر بحث آئے ۔آرمی چیف نے کورونا کی وبائی صورتحال کے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا ،چین کے سفیر نے خطہ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ علاوہ ازیں جنرل قمر جاوید باجوہ سے قطری وزیر خارجہ کے انسداد دہشت گردی اور تنازعات کے حل کیلئے ثالثی کے شعبہ کے خصوصی نمائندہ ڈاکٹر مطلق بن ماجد القحطانی نے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی سمیت افغانستان کی تازہ ترین صورتحال ، افغانستان میں مفاہمت کے عمل میں آسانی اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سی او اے ایس نے قطر کی جانب سے افغان امن عمل میں سہولت کاری، میزبانی اورمفاہمتی و تعمیری کردار کوسراہا،انہوں نے خطے میں علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے مستقل تعاون کی امید ظاہرکی۔ معزز مہمان نے خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی مستقل کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں