افواج کیلئے 15فیصد خصوصی الاؤنس، تحریک لبیک پرپابندی برقرار : وفاقی کابینہ کے فیصلے

افواج  کیلئے 15فیصد خصوصی الاؤنس، تحریک لبیک پرپابندی برقرار : وفاقی کابینہ کے فیصلے

امیر ممالک وعدے پورے کریں، ترقی پزیر ملکوں کو امداد دیں : عمران خان کا دنیا سے ڈومور کا مطالبہ ، رینجرز ،ایف سی کو بھی خصوصی الاؤنس دیا جائے :وزیر اعظم کی ہدایت،ٹی ایل پی کے انتخابی نشان کی منسوخی کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطے کا فیصلہ،49 ادویات کی قیمتیں مقرر کرنیکی منظوری ، امجد خان آئیسکو،جاوید صدیقی ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کے سی ای او مقرر، سعودیہ سے مزید 85 پاکستانی رہا ،انتخابی اصلاعات کیلئے اپوزیشن سے بہت چیزوں پر اتفاق ہو چکا:وزیر اطلاعات

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی کابینہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان پرعائد پابندی کا فیصلہ برقراررکھنے کے علاوہ افواج پاکستان کے افسروں و ملازمین کی تنخواہوں میں رننگ بیسک پر 15فیصد سپیشل الاؤنس دینے اور 49ادویات کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری دے دی ۔ کابینہ کو بتایا گیا وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کے نتیجے میں عیدالاضحی کے موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے مزید 85قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے ۔ ان قیدیوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی طیارہ بھجوایا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں 22 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔انہوں نے بتایا کابینہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ الیکٹورل ریفارمز کے حوالے سے صورتحال بہتر ہو رہی ہے ، اپوزیشن کے ساتھ بہت سی چیزوں پر اتفاق ہو چکا ہے ،جن پر اتفاق نہیں ہے ہم کوشش کر رہے ہیں ان پر بھی اتفاق ہو جائے ، ای وی ایم مشین میں ہمارا مقصد انتخابات کو شفاف بنانا ہے ۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کے دوران اعلان کیا تھا کہ ہم قیدیوں کو رہا کریں گے ،قیدیوں کی رہائی کا عمل مسلسل چل رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا پوری دنیا سے سینکڑوں قیدی رہا ہوئے ، بیرون ملک جو لیبر طبقہ جیلوں میں ہے ان کے لئے یہ بڑی خوش خبری ہے ۔ جو قیدی سنگین جرائم میں ملوث نہیں ہیں ان کو واپس لانے کا کام کافی تیزی سے جاری ہے ۔ امید ہے زیادہ تر پاکستانی جلد واپس آ جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل نے کورونا کے پھیلاؤ اور ویکسی نیشن کی صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ گزشتہ روز پانچ لاکھ 25 ہزار ڈوزلگائی گئیں اور اب تک دو کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔ اس حوالے سے این سی او سی ایک جامع رپورٹ بھی دے گی۔ انہوں نے بتایا کراچی اور خیبر پختونخوا میں کوروناکے کیسز بڑھے ہیں، پنجاب میں صورتحال کنٹرول میں ہے ۔ انہوں نے بتایا کابینہ کو اہم شخصیات بشمول وزرا، وزرائے مملکت ، منتخب نمائندوں، ججز ، سرکاری ملازمین ، دیگر افراد کی سکیورٹی اور ان کے زیر استعمال پروٹوکول کی صورتحال پیش کی گئی۔کابینہ نے نوٹ کیا کابینہ سے کہیں زیادہ پروٹوکول اپوزیشن اور سابق بیورو کریٹس کے پاس ہے ۔ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے ایک جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ کابینہ اجلاس میں سکیورٹی اور پروٹوکول کو ریشنلائز کرنے کے حوالے سے جامع پلان پیش کیا جائے ۔ فواد چودھری نے بتایا کہ مون سون شجرکاری کے حوالے سے حکومت ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مہم کا آغاز کرے گی۔ وزیراعظم نے تمام وزرا، ایم این ایز اور ایم پی ایز کو شجر کاری مہم میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا ہم 50 کروڑ درخت لگائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کو وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ای ایٹ اور ای نائن میں تجاوزات کو ہٹانے اور گرین ایریاز کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم نے اس پر بہت تشویش کا اظہار کیا کہ 1960 سے 2010 تک اسلام آباد شہر کے حجم میں جتنا اضافہ ہوا ہے اتنا ہی اضافہ 2010 سے 2020 کے دوران ہوا۔اس کے نتیجے میں گرین ایریاز میں تجاوزات بڑھی ہیں، اسلام آباد میں آبادی کا دباؤ بھی زیادہ ہوا ہے ۔ نیوی اور ایئر فورس سے کہا گیا ہے کہ وہ گرین ایریاز سے اپنی دیواریں پیچھے ہٹا دیں انہوں نے اس پر عمل شروع بھی کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پر مکمل عمل درآمد کریں۔ وزیر اطلاعات نے بتایا پاکستان کی مصنوعات کا تحفظ کرنے کے لئے وفاقی کابینہ نے وزارت کامرس کی جانب سے نشاندہی کی جانے والی چند زرعی اور غیر زرعی مصنوعات کی جیوگرافیکل انڈیکیشن (رجسٹریشن اینڈ پروٹیکشن) ایکٹ 2020 کے تحت رجسٹریشن کی منظوری دی۔ اس فہرست میں ان اداروں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے ان مصنوعات کو جیوگرافیکل انڈیکیشن قانون کے تحت رجسٹر کرایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں کراچی شپ یارڈ و انجینئرنگ ورکس کو فرسٹ رائٹ آف ریفیوزل دینے کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔ کابینہ نے پاک فوج کیلئے جاری بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد سپیشل الاؤنس 2021 دینے کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا دو سالوں سے فوج کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ گزشتہ سال سول و فوجی اہلکاروں کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کیا گیا تھا بعد ازاں سول ملازمین کے مطالبہ پر ان کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافہ کیا گیا تاہم فوج کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سپیشل الاؤنس کے معاملے میں رینجرز اور ایف سی کو بھی شامل کیا جائے ۔ وزیر اطلاعات نے بتایا وفاقی کابینہ نے پولینڈ، آسٹریلیا، فرانس، چیک ری پبلک، بڈاپسٹ اور ترکی سے میوچل لیگل اسسٹنس کے حوالے سے موصول شدہ درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے ان کو متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوانے کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کابینہ نے قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی کی درخواست پر ان کے خلاف سندھ حکومت کی جانب سے قائم مقدمات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے قیام کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک لبیک پاکستان نامی تنظیم کی جانب سے نظرثانی کی درخواست پر غور کے لئے قائم کمیٹی کی رپورٹ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت ، تنظیم کے موقف کو سننے اور حقائق کی چھان بین کرنے کے بعد کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ تنظیم پر پابندی لگانے کا فیصلہ میرٹ اور حقائق پر کیا گیا تھا۔ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کابینہ نے پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا جبکہ اس جماعت کے انتخابی نشان کی منسوخی کے لیے بھی الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید اقدامات وزارت داخلہ اور وزارت قانون کے حکام کریں گے ۔وزیر اطلاعات نے کالعدم تنظیموں کے نئے نام سے سرگرم ہونے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اب وہ دور نہیں رہا جب ایسا ہوتا تھا۔ انہوں نے بتایا کابینہ نے اقبال اکیڈمی پاکستان لاہور کے نائب صدر، خزانچی اور گورننگ بورڈ کے پانچ ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔ عارف نظامی نائب صدر، شوکت امین شاہ خزانچی جبکہ ممبران میں ولید اقبال(پنجاب)، رؤف پاریخ (سندھ)، محمد ایوب صابر (خیبر پختونخوا) ، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق (بلوچستان) اور پروفیسر فتح محمد( فیڈرل ایریاز) شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 49 ادویات کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری دی ہے ۔ یہ وہ ادویات ہیں جو پاکستان میں نہیں بن رہی تھیں، قانون کے تحت ان کی ابتدائی قیمت وفاقی حکومت نے مقرر کرنا ہوتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کابینہ نے محمد امجد خان کو سی ای او اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ اور پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کے انضمام کے پیش نظر شاہ جہاں مرزا (ایم ڈی پی پی آئی بی) کو اے ای ڈی بی کے سی ای او کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے نیسپاک کے نئے ایم ڈی کی تعیناتی تک کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت موجودہ/ریٹائر ہونے والے ایم ڈی کو اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ وزارت منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات کی ذمہ داریوں کے حوالے سے رولز آف بزنس میں ضروری ترمیم کی تجویز بھی کابینہ نے منظور کی۔ وفاقی کابینہ نے جاوید احمد صدیقی کو پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ وزیر اطلاعات نے بتایا افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کا پاکستان بغور جائزہ لے رہا ہے ، ہمارا موقف بہت واضح ہے کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں تاہم اس ضمن میں عالمی برادری کی مدد درکار ہے ، افغان گروپوں سے ہمارا رابطہ ہے اور افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کے کردار کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے ، بین الاقوامی برادری افغان مہاجرین کے مسئلہ پر پاکستان کا ساتھ دے ، ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں ایسے حالات پیدا نہ ہوں جس سے افغان باشندوں کو دوبارہ ہجرت کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ وزارتیں اس معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے جامع پالیسی مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پچھلے تجربات سے سیکھنا چاہئے اور ایک جامع پالیسی بنانی چاہئے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 23 جون 2021 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ لاہور میں سروسز ہوٹل کی ریزرو پرائس ایک ارب 95 کروڑ روپے رکھی گئی ہے ، اس کے لئے ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کیا گیا ہے ۔ سروسز ہوٹل نجکاری کے لئے پیش کیا جا رہا ہے ۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 8 جولائی 2021 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ کابینہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے معاہدے کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کشمیر کے الیکشن میں وزیراعظم خود جائیں گے ، پی ٹی آئی کے لئے یہ موزوں الیکشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو الیکشن مہم سے مایوس ہو کر امریکا روانہ ہو چکے ہیں، ان کے امیدوار ہی پورے نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا مریم نواز نے خود کہا وہ انتخابی مہم کیلئے نہیں کشمیر کی سیر کرنے آئی ہیں ان کی سیر مکمل ہوگئی ، اب یہ دونوں(بلاول اور مریم) گھر پر بیٹھیں گے اور اپنے والدین کے کمائے ہوئے پیسوں پر عیش کریں گے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت سعودی عرب سے قیدی رہا ہو کر وطن واپس آ رہے ہیں، امریکا کے ساتھ ہمارا ایسا کوئی انتظام نہیں ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے دنیا سے ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر ممالک اپنے وعدے پورے کریں اور ترقی پذیر ملکوں کو امداد دیں، کورونا ویکسین کی تیاری اورتقسیم کا عمل تیزتر بنانا ہوگا، کورونا وائرس کی بحرانی صورتحال کے پیش نظر آئی ایم ایف کے غیراستعمال شدہ فنڈز سے ترقی پذیر ممالک کو گرانٹس دی جائیں ،عالمی معیشت کی مکمل بحالی کے لئے تمام ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری میں اضافہ ضروری ہے ۔ ترقی پذیر ممالک سے غیر قانونی سرمایہ کی منتقلی کو روکا جانا چاہئے اور ان ممالک کے چوری شدہ اثاثہ جات غیر مشروط طور پر واپس کئے جائیں۔ گذشتہ روزاقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی سیاسی فورم برائے پائیدار ترقی سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا عالمی معیشت اس وقت تک مکمل بحال نہیں ہو گی جب تک تمام ممالک پائیدار ترقیاتی مقاصد اور ماحولیاتی اہداف کے حصول کیلئے سرمایہ کاری میں اضافہ نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا اللہ تعالٰی کے فضل سے پاکستان دیگر ممالک کی نسبت زیادہ خوش قسمت رہا ہے ، سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اور کم مراعات یافتہ لوگوں پر توجہ کی بدولت ہم وائرس پر بڑی حد تک قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں، اب ہم اپنی ویکسی نیشن مہم کو تیز کرنے کے لئے ہر ممکنہ کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہادنیا ویکسین کی تیاری میں تیزی لائے اور اس کی جلد تقسیم کو یقینی بنائے ۔ وزیراعظم نے کہا انہیں توقع ہے کہ آئی ایم ایف، عالمی بینک اور دیگر ترقیاتی بینکوں اور اداروں کے ذریعے ترقی پذیر ممالک میں پائیدار ترقیاتی مقاصد اور پروگراموں کی فنانس کیلئے کم از کم 150 ارب ڈالر دوبارہ مختص کئے جائیں گے ۔ دریں اثنائیوم شہداء کے موقع پر ٹویٹ کے ذریعے اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا بھارتی جبر اور غیرقانونی تسلط کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہدمزاحمت اورقربانیوں کی تاریخ سے عبارت ہے اس منصفانہ جدوجہد میں پاکستان اہل کشمیر کے ساتھ ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں انہیں ان کا حق خود ارادیت ملنے تک کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین واپڈالیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے ملاقات کی ۔ چیئرمین واپڈا نے وزیر اعظم کو واپڈا کے تحت جاری دس بڑے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے منصوبوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں