میگاکرپشن مقدمات کوانجام تک پہنچایا جائیگا: چیئرمین نیب

میگاکرپشن مقدمات کوانجام تک پہنچایا جائیگا: چیئرمین نیب

غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیخلاف کیسزکی تفصیل 1 ماہ میں جمع کرائیں

اسلام آباد(اے پی پی)چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بڑی مچھلیوں کیخلاف میگا کرپشن کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہو ں نے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ بڑی مچھلیوں کیخلاف میگا کرپشن کے مقدمات کو مقررہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ ان کیخلاف احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے ریفرنس دائر کر کے لوٹی گئی رقم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جا سکے ،نیب کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جاوید اقبال نے کہا کہ تمام انکوائریاں، شکایات اور انویسٹی گیشنز کو میرٹ، شفافیت، ٹھوس شواہد اور دستاویزی ثبوت کی بنا پر نمٹایا جائے ،انہوں نے کہا زیرو ٹالرنس، شفافیت اور میرٹ کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کیخلاف ضروری اقدامات کرنے کیلئے پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے مطابق میرٹ اور شفافیت پر عمل کریں۔ انہوں نے متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ تمام میگا کرپشن کیسز اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیخلاف مقدمات کی تفصیلات ایک ماہ میں جمع کروائیں تاکہ جاری مقدمات پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں