دراندازی افغانستان سے ہو تی ہے :ڈی جی آئی ایس آئی
ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے افغانستان کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر دراندازی کے الزامات بے بنیاد ہیں
تاشقند(مانیٹرنگ ڈیسک) حقیقت میں دراندازی افغانستان سے ہوتی ہے ، دہشت گردی کے سارے مراکز افغانستان میں موجود ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدنے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان افغانستان میں امن کا خواہش مند ہے ، پرامن اور مستحکم افغانستان ہی پاکستان اور دیگر ممالک کے مفاد میں ہے ۔ پاکستان افغانستان میں کسی دھڑے کی حمایت نہیں کررہا، پاکستان چاہتاہے کہ افغانستان میں تمام گروپوں میں مذاکرات کے نتیجے میں امن قائم ہو۔لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کہا کہ پاکستان علاقائی سکیورٹی ، تجارت اور خطے میں بڑے مقصد کیلئے کام کررہاہے ۔ ہمارے جوانوں کو پاک افغان بارڈر پر نشانہ بنایاجارہاہے ، پاکستان نے موقف واضح طور پر پیش کیا ہے ، ایسے الزامات لگتے رہے تو حالا ت بہتر نہیں ہوسکتے ۔دوسری جانب دفتر خارجہ نے فضائی آپریشن کی دھمکی سے متعلق افغان نائب صدر امر اللہ صالح کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے بیانات کا مقصد افغان عوام اور حکومت میں افغان مسئلے کے حل کیلئے کی جانے والی پاکستانی کوششوں کو زائل کرنا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا افغان حکومت نے پاکستان کو چمن سیکٹر کی مخالف سمت اپنے علاقے میں فضائی آپریشن کے ارادے سے آگاہ کیا تھا۔پاکستان نے مثبت جواب دیتے ہوئے اپنے علاقے میں کارروائی کے افغان حکومت کے حق کو تسلیم کیا۔اگر چہ بین الاقوامی اصولوں کے تحت اس قدر قریبی سرحد کے قریب آپریشنز کو تسلیم نہیں کیا جاتا۔پاکستان نے اپنے فوجیوں اور آبادی کے تحفظ کیلئے اپنے علاقے میں ضروری اقدامات کئے ۔