بجلی، گیس کی لوڈ شیڈنگ کے پیچھے پی ٹی آئی کی دولت کمانے کی ہوس: شہباز شریف
ہوس زر کا خمیازہ صنعت اور سی این جی مالکان کو اربوں کے نقصان کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ، اپوزیشن لیڈر ، گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ بدانتظامی کی انتہا ، یہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ، بیان
اسلام آباد، لاہور (سیاسی رپورٹر، سیاسی رپورٹر سے ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں صنعتوں اور سی این جی کے شعبے کو گیس کی فراہمی کی مکمل بندش پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے پیچھے پی ٹی آئی کی دولت کمانے کی ہوس اور بدترین نااہلی ہے ،گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی بنیادی وجہ وزیراعظم اور اس کی کابینہ ہے ،مقامی صنعت اور سی این جی کے شعبے کو گیس کی مکمل بندش قوم کے لئے ایک اور بری خبر ہے ۔ اس سے پہلے گیس بحران کا ملبہ پی ٹی آئی نے ایل این جی ٹرمینل کی دو روزہ بندش پر ڈالا تھا،پھر اب گیس کی اس بندش کی کیا وجہ اور جواز ہے ؟ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جو بدانتظامی کی انتہا ہے ، حکومت بحران پر قومی اسمبلی میں بحث کرائے تاکہ اس مسئلے کا کوئی حل نکلے اور عوام کو ریلیف مل سکے ۔ گزشتہ مہینے سے بجلی اور گیس کی لامتناہی لوڈ شیڈنگ کا افسوسناک سلسلہ جاری ہے ،ملک میں اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے ، اس سے بھیانک بدانتظامی اور کیا ہوسکتی ہے ؟ حالات واقعات نے پی ٹی آئی کے اس دعوے کو جھوٹا ثابت کر دیا کہ مسلم لیگ (ن)نے زیادہ بجلی بنادی ،وقت نے ثابت کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملکی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھائی ۔ شہبازشریف نے کہاکہ پی ٹی آئی کی ہوس زر کا خمیازہ صنعت اور سی این جی مالکان کو اربوں روپے کے نقصان کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے ، مہنگائی، بے روزگاری، تباہ حال معیشت میں گیس کی لوڈشیڈنگ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔