مریم نواز اور جمائما سوشل میڈیا پر آمنے سامنے
مخالفانہ بیانات پر 2004میں پاکستان چھوڑ دیا ،مگرحملے ابھی تک جاری : جمائما ، آپ کے سابقہ شوہر خاندان کو گھسیٹتے ہیں ،دوسروں کو بھی جواب دینا آتا ہے :مریم
لندن ، لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما سوشل میڈیا پر آمنے سامنے آ گئیں ۔جمائما نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مریم نواز نے اعلان کیا کہ میرے بچے یہودیوں کی گود میں پل رہے ہیں۔ ایک عشرے تک پاکستانی میڈیا اور سیاستدانوں کے یہود دشمنی پر مبنی حملوں (جن میں ہر ہفتے موت کی دھمکیاں اور میرے گھر کے باہر مظاہرے شامل تھے ) کے بعد2004میں میں نے پاکستان چھوڑ دیا تھا ، مگر حملوں کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ مریم نواز نے اپنے جوابی ٹویٹ میں کہا کہ مجھے آپ کے ، آپ کے بیٹوں اور آپ کی ذاتی زند گی میں کوئی دلچسپی نہیں، کیونکہ میرے پاس کرنے اورکہنے کیلئے کئی بہتر باتیں ہیں، اگر آپ کے سابق شوہر عداوت میں خاندانوں کو گھسیٹتے ہیں تو دوسرے کو بھی جواب دینا آتا ہے وہ بھی ناپسندیدہ باتیں کریں گے ۔ آپ صرف سابق شوہر کو مور د الزام ٹھہرائیں۔