کنیز دوم لیڈر کی جعلسازیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی: فردوس
علاج کا ڈرامہ رچا کر ملک سے بھاگنے والا لیڈر نہیں ہوتا ،فنکاری میں کوئی ثانی نہیں ، قد کے حساب سے بیان دیں ، آزاد کشمیر انتخابات میں لٹیرو ں کی ہار دیوار پر لکھی
لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کنیز دوم اپنے مفرور لیڈر اور جعلی راجکماری کی جعلسازیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔علاج کا ڈرامہ رچا کر ملک سے بھاگنے والا لیڈر نہیں بلکہ بھگوڑا ہوتا ہے ۔نام نہاد شریف خاندان کا فنکاری میں کوئی ثانی نہیں ۔ پوری قوم جانتی ہے کہ کنیز دوم کا یہ فراڈیہ خاندان جعلی فونٹ اور جعلی تصویروں کا ماہر ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھگوڑے لیڈر اور جعلی راجکماری کی اس زرخرید کنیز کو پہلے بھی ذلت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ہرموقع پر ذلت آمیزرسوائی کے بعد کنیز دوم ڈیپریشن کا شکار ہو چکی ہے ۔ آرپار، استعفوں اور لانگ مارچ پر یوٹرن لیکر کنیز دو م کی \"منی\" بدنام ہو چکی ہے ۔ استعفوں کی خالی پلیٹ ابھی تک ان کا منہ چڑھا رہی ہے اورلانگ مارچ کی حسرت ارمانوں میں بہہ چکی ہے ۔کنیز دوم کی حالت جعلی راجکماری اور بھگوڑے لیڈر کی طرح قابل رحم اور قابل ترس ہو چکی ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس کنیز کو مشورہ ہے کہ وہ اپنے قد کے حساب سے بیان دے کیونکہ نا اہل لیگ کی وکالت اب اس کے بس کی بات نہیں ۔ آزاد کشمیر کے الیکشن میں واضح شکست دیکھ کر پورا ٹولہ بوکھلاچکا ہے ۔ آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان کے سند یافتہ لٹیرو ں اور چوروں کی ہار دیوار پر لکھی ہوئی ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت پنجاب کے ہر ضلع میں یونیورسٹی بنانے جا رہی ہے ،پنجاب کا چپہ چپہ ترقی و خوشحالی کا منظر پیش کرے گا۔