دوسروں پر مرضی مسلط کرنیکی سوچ کی مزاحمت ضروری ، زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے عیدالاضحی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں خاص طور پر پاکستانی بہنوں بھائیوں کو مبارکباد پیش
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سابق صدر آصف علی زرداری نے عیدالاضحی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں خاص طور پر پاکستانی بہنوں بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر ان بھائیوں اور بہنوں کو شامل کیا جائے جن کی امداد کیلئے اللہ پاک نے احکامات دے رکھے ہیں ۔سابق صدر نے کہا کہ یہ دن ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے ، آصف زرداری نے کہا کہ آج کشمیر اور فلسطین میں مسلمان مشکلات اور جبر کا سامنا کر رہے ہیں ، سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اس سوچ کی مزاحمت کرنے کی ضرورت ہے جو سوچ عدم برداشت اور دوسروں پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی سوچ ہے ،انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے ہمیشہ شدت پسندوں کی مزاحمت کی ہے اور کرتی رہے گی ،آصف علی زرداری نے کہا ایک مہذب معاشرہ قائم کرنے کیلئے ضروری ہے صبر ، برداشت اور درگزر کرنے کے اصول اپنائے جائیں ۔