سندھ :ٹرانسپورٹرزکیخلاف کارروائیاں اضافی کرایہ مسافروں کو واپس
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے اضافی کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرزکے خلاف کراچی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں تابڑ توڑ کارروائیاں
کراچی(سٹاف رپورٹر)محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے اضافی کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرزکے خلاف کراچی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں تابڑ توڑ کارروائیاں کرتے ہوئے مسافروں کو 2 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس دلادی۔مسافر گاڑیوں پر 1 لاکھ 80 ہزار روپے کاجرمانہ بھی عائد کیا گیا،مذکورہ کارروائیاں کراچی،حیدرآباد، ٹھٹھہ اورسکھر سمیت دیگرشہروں میں کی گئیں۔دوسری جانب خیرپور،شہیدبینظیرآباد، میرپور خاص اور دیگر شہروں میں کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والے مسافروں کو وارننگ بھی دی گئی جبکہ خلاف ورزی کی مرتکب متعدد گاڑیاں متعلقہ تھانوں میں بند کردی گئیں۔لاڑکانہ میں 45 مسافروں کو سفر کے دوران ویکسین لگائی گئی اور 7 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ریجنل ٹرانسپورٹ سیکریٹری ٹھٹھہ اعجاز سرہیو نے کراچی سے تھر جانے والے 100 سے زائد مسافروں کو اضافی کرایہ واپس کروایا۔اس حوالے سے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی جاری رہے گی ۔