بارشیں :چھتیں، دیواریں گرنے سے 20جاں بحق
ندی نالوں میں طغیانی، چناب میں سیلاب کا خطرہ، متعدد پروازیں منسوخ ، لاہور میں1جاں بحق 14زخمی ، 300فیڈر ٹرپ، بجلی گھنٹوں بند رہی
لاہور،اسلام آباد ،مظفرآباد(سٹاف رپورٹر سے ،سپیشل کرائم رپورٹر،نیوز رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ، نمائندگان دنیا، دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)ملک میں موسلادھار بارشوں نے تباہی (صفحہ6بقیہ نمبر20) مچادی،ندی نالے بھی بپھر گئے ، لینڈ سلائیڈنگ، آسمانی بجلی، چھتیں ،دیواریں گرنے سے 20افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے ،چناب میں سیلاب کا خطرہ ہے ،بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا، متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں، تفصیلات کے مطابق لاہور میں مانگا سندر بائی پاس کے قریب دکان کی چھت گرنے سے 30سالہ عارف جاں بحق ہوگیا، چائنہ سکیم بڑی پارک کے قریب مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے 4بچے امانت،ملائیکہ، فہد، بشریٰ، لائبہ اور محسن زخمی ہوگئے ،جوہرٹائون حاکم چوک میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 5افراد زخمی ہوگئے ، موہلنوال گائوں میں گھر کی چھت گرنے سے 3افراد زخمی ہوگئے ۔آزاد کشمیر میں بارشوں سے نالوں میں طغیانی آگئی، رابطہ سڑکیں بند، حکومتی مشینری لاپتا ہوگئی ، عید پر اپنے گھروں کو جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، نیلم، جہلم شاہراہ ،راولپنڈی، ایبٹ آباد روڈ مختلف مقامات سے بند ہے ، وادی نیلم میں آسمانی بجلی گرنے سے گھر کے 3افراد جاں بحق ہوگئے ، ہٹیاں بالا اور دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے 7افراد جاں بحق 7زخمی ہوگئے ، پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں اورسیلابی ریلوں کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق اور 7زخمی ہوگئے ، دیر بالا کے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سیاحوں کی گاڑی برساتی نالے میں بہنے سے 2افراد جاں بحق ہوئے جبکہ کوہاٹ کے قریب شکردرہ کے برساتی نالے میں 7افراد بہہ گئے ،دیر بالا میں 2 جبکہ کرک اور شانگلہ میں ایک ایک مکان کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ میانوالی میں بارش سے چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر بچی جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے ۔فیصل آباد میں مکان کی دیوار گرنے سے 7سالہ بچہ نوید جاں بحق ہوگیا،کھرڑیانوالہ میں دیوار گرنے سے دو خواتین صاحبزادی اور کوثر زخمی ہوگئیں، ستیانہ روڈ پر پلاسٹک فیکٹری کی چھت زمین بوس ہو گئی ملبے تلے دب کر 4افراد 47سالہ عامر سہیل 15سا لہ علی رضا17سالہ محمد حسین اور 17سالہ قدیر زخمی ہو گئے ،حضرو میں سیاسی و سماجی رہنما طارق میر مکان کی چھت گرنے سے چل بسے ،لاہور ،فیصل آباد، نارووال، جھنگ، چنیوٹ میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،چناب نگر، سانگلا ہل، پنڈی بھٹیاں میں جل تھل ہوگیا، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا،عیسیٰ خیل میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، نالہ بپھرگیا، طغیانی سے متعدد شہروں کے راستے بند ہوگئے ، سیکڑوں ایکڑ پر فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا،پنڈدادن خان میں مسلسل موسلا دھار بارش سے برساتی نالے بپھر گئے ، طغیانی کے باعث غریب وال روال روڈ کئی جگہوں سے بہہ گئی، مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا،دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی ،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں بارش اور سیلاب کا کافی خطرہ ہے اور پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، پانی قریبی دیہی علاقوں میں داخل ہو نے کا خدشہ ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں شہری انتظامیہ اور واسا کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے ۔لاہور میں 99ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،حبس میں کمی ہوگئی، نشیبی علاقے زیرآب آنے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی، 300سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ، کاہنہ میں مین فیروز پور روڈ اور گردونواح کے علاقے پانی میں ڈوب گئے ، کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی گھنٹے بعد بھی پانی نہ نکالا جاسکا،موسم کا حال بتانے والوں نے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اورشمالی بلوچستان میں آندھی/تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اس دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں دن بھر بادل چھائے رہیں گے جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بادل برسنے کے امکانات ہیں۔کراچی میں عید کے تینوں دن موسم خوشگواررہنے اور چوتھے روز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو47، نوکنڈی 44، سبی، شہیدبینظیرآباد، روہڑی ،لاڑکانہ 43 ،لاہور 37،کوئٹہ 34،پشاور،کراچی 31،اسلا م آباد،فیصل آباد، سرگودھا 30 اور مری میں 21ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔