ٹریفک حادثات : اوکاڑہ 4، پاکپتن، واشک میں 3، 3 افراد جاں بحق
اوکاڑہ میں مسافروں سے کھچا کھچ بھری بس ٹائربرسٹ ہونے سے الٹی، 21مسافر زخمی ، 3کی حالت تشویشناک ، پاکپتن میں دو حادثات ہوئے ، بلوچستان میں ایس ڈی او پی ایچ ای گوادر سمیت 3افراد کار حادثے میں چل بسے
اوکاڑہ،پاکپتن،جوہرآباد، واشک(خبرنگار،سٹی رپورٹر،نمائندہ دنیا، نیوز ایجنسیاں ) ٹریفک کے مختلف حادثات میں 11افراد جاں بحق ، 75زخمی ہوگئے ، اوکاڑہ میں نیشنل ہائی وے پر مسافروں سے کھچا کھچ بھری بس ٹائر برسٹ ہونے کے باعث الٹ گئی جس سے عیدالاضحی منانے کیلئے گھر جانے والے 4مسافر جاں بحق ہوگئے ، جن میں تین کی 55سالہ طالب حسین ، 35سالہ محمد عمران اور 23سالہ ارسلان کے نام سے شناخت ہوئی ہے ، 21افراد شدید زخمی ہوئے ، تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ،پاکپتن میں بس درخت کے ساتھ ٹکرانے سے خاتون سمیت 2مسافر جاں بحق ،23زخمی ہوگئے ، جاں بحق خاتون کی شناخت 40 سالہ عمبرین بی بی کے نام سے ہوئی ہے ،حادثہ عارفوالا روڈ 36/SP پل کے قریب پیش آیا،پاکپتن میں ہی چوک مرلہ کے قریب دو موٹرسائیکلوں کے ٹکرانے سے کمسن بچی جاں بحق اور 5افراد زخمی ہوگئے ۔جوہرآباد میں کٹھہ کی پہاڑیوں میں ڈھوک اعوان کے قریب مسافر کوچ پہاڑی سے ٹکرا گئی جس سے ڈرائیور چک جھمرہ کا رہائشی عبدالستار موقع پر جاں بحق جبکہ 30 مسافر شدید زخمی ہو گئے ،بلوچستان کے ضلع واشک میں ناگ کے مقام پر ایس ڈی او پی ایچ ای گوادر حاجی نثار احمد کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں حاجی نثار احمد سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک زخمی ہوگیا ہے ۔