آزاد کشمیر الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی سوفیصد یقینی :رانا تنویر

آزاد کشمیر الیکشن میں ن لیگ کی  کامیابی سوفیصد یقینی :رانا تنویر

قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے علاقہ باغ کے عوام نے عمران خان کو فلاپ کرکے رکھ دیا

کالا شاہ کاکو(نامہ نگار) وادی کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی 100فیصد یقینی ہے ۔ اگر2018کے ملکی انتخابات کی طرح انہونی کارروائی نہ ہوئی تو مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر میں حکومت بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ بلدیہ مریدکے کے سابق کونسلر چودھری صادق بودی پہلوان کی وفات پر ان کے صاحبزادوں کے ساتھ اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ سکیورٹی کمزوری کے باعث حب میں چینی شہریوں کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا لیکن چین ہمارا انتہائی قابل اعتماد دوست ہے اور وہ ایک آدھ واقعہ پر ہمارا ساتھ نہیں چھوڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر ملکیوں اور پاکستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔اسلام آباد سے افغانی سفیر کی بیٹی کے اغوا کے حوالے سے سوال پر چیئرمین پی اے سی نے کہا بظاہر یہ کارروائی افغان سفیر کویہاں سے واپس بلانے کے لیے بہانہ کے طور پر کی گئی ہے تاہم حکومت کو چاہیے کہ معاملہ کی مکمل انکوائری کرکے افغان حکومت کو اعتماد میں لے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی افغانستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہیں کی البتہ افغانستان سے پاکستان میں مداخلت ہوتی رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں