کراچی : صورتحال سنگین ،کورونا مثبت کیسز کی شرح 25فیصد

کراچی : صورتحال سنگین ،کورونا مثبت کیسز کی شرح 25فیصد

سندھ ، گھروں میں قربانی پر پابندی،1دن میں 6لاکھ سے زائد ویکسی نیشن ، چوتھی کمپنی کو وینٹی لیٹر کا لائسنس مل گیا، اسی سال ایکسپورٹ شروع کرینگے :فواد

کراچی ،لاہور،اسلام آباد (رائٹرز،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سیاسی رپورٹر سے )کراچی میں کورونا کی صورتحال سنگین ہوگئی،شہر میں مثبت کیسز کی شرح ملک بھر کے مقابلے میں 5گنازائد یعنی 25.7فیصد ہوگئی، کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث کراچی کے سرکاری ونجی ہسپتالوں میں مزید مریضوں کو لینے کی گنجائش ختم ہو گئی، طبی ذرائع کے مطابق ہسپتالوں نے مزید مریض لینے سے انکار کرنا شروع کر دیا ۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز ملک میں 37اموات ہوئیں جبکہ 2145نئے مریض سامنے آئے ، مثبت کیسز کی شرح 5.25فیصد رہی ،مصدقہ کیسز کی تعداد 9لاکھ 93ہزار 872ہوگئی، جن میں 9لاکھ 21ہزار 95افراد صحتیاب ہو چکے ہیں، 22ہزار 848اموات ہوئیں ،فعال کیسز کی تعداد 49929 ہے جن میں 2ہزار 697مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ، گزشتہ روز لاہور میں 6جبکہ پنجاب بھر میں 11افراد نے دم توڑا، ادھر سندھ حکام کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 25.7 فیصد ہو گئی ،سیکرٹری جنرل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر قیصر سجاد نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مزید مریضوں کی گنجائش ختم ہو چکی ہے ، نجی ہسپتال بھی نئے مریض لینے سے انکار کر رہے ہیں، اس سے قبل کورونا لہر کے دوران شہر میں ایسی صورتحال دیکھنے میں نہیں آئی، لوگوں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ صورتحال کو ابتر کر رہا ہے ، عید کے موقع پر کراچی سے لوگوں کی آبائی شہروں کو منتقلی کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہے ، جناح ہسپتال کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سمین جمالی نے بتایا کہ ہسپتال میں کورونا مریضوں کیلئے مزید بیڈز کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔ حکومت سندھ نے عید الاضحی کے موقع پر گھروں کے اندر یا نزدیک قربانی کرنے پر پابندی عائد کردی ،محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس میں اضافے کے باعث شہری رہائشی علاقوں میں قربانی کی اجازت نہیں ہے ،جانوروں کی قربانی کیلئے کھلے میدان کا انتخاب کیا جائے اور جانوروں کی قربانی کرتے ہوئے مجمع اکھٹا نہ کیا جائے ،نوٹیفکیشن میں نماز عید کے حوالے سے بھی ایس او پیز پر عمل کی ہدایت کی گئی ہے ۔دریں اثنا وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت این سی اوسی کا اجلاس ہواجس میں عید الا ضحی سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد اور کراچی اور گلگت بلتستان میں وبا کے پھیلا کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے کورونا کے پھیلا ئو کے پیش نظر کئے جانے والے اضافی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور گلگت بلتستان میں کورونا کے پھیلائو کو مدنظر رکھتے ہوئے 500 آکسیجن سلنڈرز اور 30 وینٹی لیٹرز کا بھی اضافہ کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں صرف عید الاضحی کے دن ویکسی نیشن سنٹرز بند رہیں گے ، بیرون ملک جانے والے افراد اور طلبا کے لئے موڈرنا ویکسین کی وافرمقدار ویکسی نیشن سینٹرز کو مہیا کر دی گئی۔بعد ازاں اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ کل پہلی دفعہ پاکستان میں ایک دن میں 6 لاکھ سے زیادہ افراد کی ویکسی نیشن کی گئی، ویکسی نیشن کی بڑھتی ہوئی تعداد حوصلہ افزا ہے ۔ وفاقی وزیراطلاعات فوا دچودھری نے کہاوزارت سائنس میں کورونا کے دوران جو کام ہوا اس کے نتیجے میں چوتھی کمپنی کو وینٹی لیٹرز بنانے کا لائسنس مل گیا ہے ،اس سال پوری امید ہے کہ ہم وینٹی لیٹرز ایکسپورٹ کرنا شروع کر دیں گے ، فیصل آبادمیں ہیلتھ سٹی بنایا تھاستمبر میں آٹو ڈسپوزیبل سرنج بننا شروع ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں