جاسوسی سکینڈل: اقوام متحدہ بھارت کیخلاف تحقیقات کرے: پاکستان، مودی نے غداری کی: راہول گاندھی

جاسوسی سکینڈل: اقوام متحدہ بھارت کیخلاف تحقیقات کرے: پاکستان، مودی نے غداری کی: راہول گاندھی

دنیانے نام نہادبھارتی جمہوریت کاچہرہ دیکھ لیا، معاملہ قابل تشویش ، مناسب عالمی پلیٹ فارمزپر اٹھایا جائیگا:دفترخارجہ ، کرناٹک میں بھی اسی سافٹ ویئر سے جاسوسی کی، وزیر داخلہ استعفیٰ دیں، عدالتی تحقیقات کرائی جائیں :رہنما کانگریس

اسلام آباد(آئی این پی)ترجمان دفترخارجہ نے بھارت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان سمیت دیگرشخصیات کی جاسوسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے اسرائیلی آلات کے ذریعے اپنے شہریوں وغیرملکیوں کی جاسوسی پر تشویش ہے ، جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ذمہ دارانہ ریاستی طرزعمل کے عالمی اصولوں کی واضح خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت عرصہ سے مقبوضہ کشمیرمیں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ، یورپی یونین کی ڈس انفولیب اطلاعات میں بھی دنیا نے نام نہاد ہندوستانی جمہوریت کا اصل چہرہ دیکھا، بھارت کی زیادتیوں کو مناسب عالمی پلیٹ فارمزپر اٹھائیں گے ، اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے قصورواروں کا محاسبہ کریں ۔ نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں )بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے نئی دہلی کے زیر استعمال اسرائیلی جاسوسی کمپنی کے سافٹ ویئر پیگاسس کا تنازع سامنے آنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو ’غدار‘ قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کردیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والا پیگاسس سافٹ ویئر دہشت گردوں کے خلاف مؤثر ہتھیار تھا تاہم وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ نے اسے بھارتی ریاست اور اداروں کے خلاف بھی استعمال کیا۔راہول گاندھی نے کہا کہ جاسوسی کا سوفٹ پیگاسس سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، مودی سرکار نے کرناٹک میں اسی سافٹ ویئر سے جاسوسی کی۔ انہوں نے معاملے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے واحد لفظ غداری ہے ۔جاسوسی کے لیے ممکنہ اہداف کی فہرست میں راہول گاندھی اور ان کے 5 قریبی ساتھیوں کے نام بھی شامل ہیں۔ راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ان کے تمام فون ٹیپ کیے جارہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں