الیکشن کمیشن پی ٹی آئی امیدواروں کو نااہل قرار دے :بلاول

 الیکشن کمیشن پی ٹی آئی امیدواروں کو نااہل قرار دے :بلاول

وفاقی وزیر سرعام پیسے بانٹتے رہے ،عمران کشمیر کے سفیر نہیں کلبھوشن کے وکیل

کراچی(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر سرکاری وسائل استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں حکومت نے کشمیر میں ہر اختیار استعمال کرنے کی کوشش کی، وفاقی وزیر سرعام پیسے بانٹتے رہے ، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی امیدواروں کو نااہل قرار دے ۔ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کو تاریخ کے متنازعہ ترین انتخابات ہونے سے بچائے ، وزیراعظم کا آخری دنوں میں کشمیر جانا الیکشن کمیشن کے منہ پر طمانچہ ہے ۔عمران خان کشمیر کے سفیر نہیں بلکہ کلبھوشن کے وکیل بن گئے ہیں ، (ن)لیگ صرف باتیں کرتی ہے ہمت ہے تو دھرنا دے کر دکھائے ، آج بھی اپوزیشن ساتھ دے تو بزدار حکومت اور عمران خان کو ہٹا سکتے ہیں ، امید ہے اس بار(ن)لیگ عمران خان کو این آر او نہیں دے گی،ہم امریکا کو پسند کر یں یا نہ کریں لیکن وہ ایک حقیقت ہے ۔ہمیں امریکا سے بات کرنا ہوگی ۔وہ کراچی میں وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے ۔بلاول نے مزید کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو آزاد اور شفاف طریقے سے موقع دیا جائے تو وہ آزاد کشمیر میں بار بار حکومت بنائے گی، انہوں نے کہا کہ وفاقی وز یر آزاد کشمیر میں گھوم رہے ہیں، میڈیا نے انہیں پیسے بانٹتے ہوئے پکڑا ہے ، اگر انتخابات سے قبل اس وزیر اور ان امیدواروں کے خلاف ایکشن نہیں لیا جاتا جنہوں نے ان کا استقبال کیا اور انہیں نااہل نہیں کیا جاتا تو یہ انتخابات بہت متنازعہ ہوں گے ۔ تاریخ میں کشمیر کے معاملے کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا گیا جتنا عمران خان نے اپنے کردار سے پہنچایا ہے ۔عمران خان وزیراعظم کے منصب پر فائز ہیں ان کو ریفرنڈم کی بات نہیں کرنی چاہیے تھی ، عمران خان کے منہ میں جو آتا ہے وہ بول دیتے ہیں ۔ کشمیر میں اسٹیبلشمنٹ کسی کو سپورٹ نہیں کررہی ہے تاہم وزیراعظم نے باغ میں جو تقریر کی اس میں انہوں نے یہ تاثر دینے کی کوشش ضرور کی ہے ۔ فوج اور آئی ایس آئی اکیلے کچھ نہیں کر سکتے ،ہمیں اپنے پڑوسی ملکوں سے اچھے تعلقات رکھنے ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں