درباری، حواری کشمیریوں کی ترجمانی نہ کرسکے :فردوس
ن لیگ نے کبھی مودی کے مظالم کی مذمت کی نہ مخالفت میں کوئی بیان دیا ، شاہی خاندان ووٹ خریدنے کیلئے بریف کیس لیکر پھرتا رہا :پریس کانفرنس
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلٰی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دونوں سیاسی جماعتیں یہ بتانے میں ناکام رہی ہیں کہ انہوں نے کشمیر یوں کے حق خوداردیت کیلئے دنیا کے سامنے مقدمہ کیسے لڑا۔ درباری اور حواری کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی نہ کرسکے ۔ ن لیگ نے مودی کے مظالم کی کبھی مذمت نہیں کی ، نواز شریف نے کبھی مودی کے خلاف بیان نہیں دیا۔ کشمیریوں کو بے وقوف بنانے والی ن لیگ نے کبھی مودی کے غیر آئینی اور غیر قانونی عمل کی کبھی مذمت نہیں کی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کے عمل کی مذمت کرنا دور کی بات ، کسی جگہ پر ن لیگ نے مذمتی بیان بھی نہیں دیا۔ماسوائے اس کے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کرتے رہے ۔ یہاں 40سال سے ایک خاندان تھانے اور کچہریوں میں عوام کا استحصال کرکے سیٹیں جیتا کرتا تھا۔اس خاندان کا تخت ان کے پاؤں سے سرک چکا ہے ۔ن لیگ کا شاہی خاندان ووٹ خریدنے کیلئے بریف کیس لیکر پھرتا رہا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے ثبوت الیکشن کمیشن کو جمع کروائے ہیں میڈیا کو بھی دیں گے ،پی ٹی آئی کشمیر کی حکومت بنا کر آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن کو انسٹی ٹیوشن بنائے گی ،کشمیری عوام جن کو آزما چکے ہیں ان کو دوبارہ لوٹ مار کرنے کا موقع نہیں دیں گی۔باپ بیٹی پاکستان کو کمزور کرنے کے در پے ہیں۔