عوام این سی او سی کی ہدایات پر عمل یقینی بنائیں:صدر علوی

عوام این سی او سی کی ہدایات پر عمل یقینی بنائیں:صدر علوی

محرم الحرام میں کورونا ایس او پیز کی تعمیل یقینی بنائی جائے ، گورنر کو ہدایت ، گورنر ہاؤس میں اجلاس، کورونا، ترقیاتی عمل پر وفاقی وزیر اسد عمر کی بریفنگ

کراچی (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی تعمیل یقینی بنائی جائے ۔ عوام جلد از جلد ویکسین لگوائیں اور این سی او سی کی ہدایات پر دلجمعی سے عمل کریں۔ ہفتے کو گورنر ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر مملکت نے گورنر کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام سے قبل مختلف مکاتب فکر کے علماء کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کریں تاکہ محرم الحرام کے ایام میں مذہبی مقامات اوراجتماعات میں ایس او پیز کی تعمیل ممکن بنائی جا سکے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ فیصل مسجد میں عید کی نماز کے دوران این سی او سی کی ہدایات پر عمل سے گریز تشویش ناک امر تھا۔ انہوں نے کہا کہ جامع اور موثر حکمت عملی کے ذریعے افلاس کو ختم کر کے ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔ کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے وفاق کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ اجلاس میں گورنر سندھ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے علاوہ قومی اسمبلی کے رکن جے پرکاش، سندھ اسمبلی کے ارکان فردوس شمیم نقوی، سعید آفریدی، خرم شیر زمان، بلال غفار اور حلیم عادل شیخ بھی شریک ہوئے ۔ اسد عمر نے صدر مملکت کو کورونا وائرس کی چوتھی لہر، بالخصوص بھارتی ویریئنٹ ڈیلٹا کے علاوہ وفاقی فنڈنگ سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کے لیے مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ گورنرسندھ نے عوام پر زور دیا کہ وہ ماسک لگائیں، پُرہجوم مقامات سے دور رہیں اور ویکسین ضرور لگوائیں۔ اسد عمر نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں وسیع البنیاد اور پائیدار ترقی چاہتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں