ریفرنڈم پاکستان کے آئینی موقف سے انحراف :شہباز شریف

 ریفرنڈم پاکستان کے آئینی موقف سے انحراف :شہباز شریف

کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں استصواب رائے کے حق سے ہوگا:بیان

لاہور (نیوز ایجنسیاں ) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے وزیر اعظم کا کشمیرپر ریفرنڈم کرانے کابیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں،تنازع جموں وکشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر کوئی موقف پوری قوم مسترد کرتی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہوگئے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آچکے ہیں ،تنازع جموں وکشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف، آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہوگا، پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی موقف ہے کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے ۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے مریم نواز کے لئے استعمال کئے جانے والے الفاط کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے انتہائی شرمناک زبان استعمال کی۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی جانب سے مریم نواز شریف کے خلاف قابل شرم زبان کے استعمال سے انتہائی تکلیف پہنچی ہے ۔ علی امین گنڈاپور کے الفاظ نہ صرف متشددانہ ہیں بلکہ عورت سے نفرت کا اظہار بھی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اندازہ لگائیں کی ایسی زبان استعمال کرنے والوں کو 220ملین افراد پر حکمرانی کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں