انصاف کی فوری فراہمی،باربینچ کا مقصد، جسٹس امیر
دونوں ملکر درپیش چیلنجر کا مقابلہ ، نظام میں اصلاح کی کوشش کرینگے ،گفتگو ، ریٹائرڈ جوڈیشل افسران کی ملاقات ،عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد
راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا بار اور بینچ ایک ہی مقصد عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے کام کرتے ہیں۔ مل کر ادارے کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اور نظام میں اصلاح کی کوشش کریں گے ۔ نوجوان وکلا کی تربیت کیلئے سینئرز کو کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پروفیشن کی اعلیٰ روایات کو زندہ کیا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس نے ہائیکورٹ بار راولپنڈی کے صدر سردار عبدالرازق خان کی قیادت میں بار کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ چیف جسٹس نے ہائیکورٹ بار راولپنڈی میں سینئر وکلا کی ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل کو سراہا اور نئے وکلا کیلئے سینئر کے انتخاب کا کام بھی ایڈوائزری کمیٹی یا اس طرح کی دیگر کمیٹی کے سپرد کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا راولپنڈی بینچ میں وکلا کیلئے جدید پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا تاکہ وکلا کی آمدورفت اور گاڑیوں کی پارکنگ کو آسان بنایا جائے ۔ وفد میں سیکرٹری جنرل شاہد شہزاد بھٹی، نائب صدر طارق محمود خان، ایڈیشنل سیکرٹری روحما قریشی اور ممبران ایگزیکٹو شامل تھے ۔