کشمیر انتخابات :ن لیگ نے پیپلز پار ٹی سے زیادہ ووٹ لئے
پی ٹی آئی 6لاکھ37ہزار،ن لیگ5لاکھ،پی پی نے 3لاکھ45ہزار ووٹ لئے
راولپنڈی ،مظفر آباد( خصوصی نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں ) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی45نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں کل32لاکھ20ہزار793ووٹرز میں سے 19لاکھ91ہزار984ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا،جس میں 25 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل کرنے والی تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر نے مجموعی طور پر 6لاکھ 37ہزار913ووٹ لئے جس کی شرح32.2 فیصدبنتی ہے جبکہ الیکشن میں6نشستوں کے ساتھ تیسری پوزیشن لینے والی سابق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیرنے 5لاکھ6ہزار860ووٹ لئے جس کی شرح25.4فیصد ہے اور مجموعی طورپر حاصل کردہ ووٹوں کے حساب سے دوسرے نمبر پر رہی،11نشستیں جیتنے کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کو مجموعی طور پر 3لاکھ45ہزار 950ووٹ ملے جس کی شرح 17.3فیصد ہے جو کل ووٹ لینے کے حساب سے تیسر ے نمبر پررہی،ایک نشست حاصل کرنے والی آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس مجموعی طور پر ایک لاکھ 54ہزار 525ووٹ لے کر چوتھے ،آزاد امیدواروں نے مجموعی طور پر ایک لاکھ 52ہزار973ووٹ لے کر پانچویں،تحریک لبیک پاکستان آزاد جموں و کشمیرنے 96ہزار697ووٹ لے کر چھٹے ،جماعت اسلامی آزادجموں و کشمیرنے مجموعی طور پر 28ہزار979ووٹ حاصل کرکے ساتویں، جموں وکشمیر پیپلزپارٹی 36ہزار 855 ووٹ لے کر آٹھویں نمبرپر رہی ۔