دھاندلی کی کوئی شکایت نہیں ملی ، الیکشن کمشنر آزادکشمیر

دھاندلی کی کوئی شکایت نہیں ملی ، الیکشن کمشنر آزادکشمیر

44حلقوں کا نتیجہ آگیا، ایل اے 16کے 4پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہو گی ، ٹرن آئوٹ 62فیصدرہا ،پاک فوج ،انتظامیہ نے بھرپور کردار ادا کیا ،عبدالرشید

مظفر آباد(اے پی پی)چیف الیکشن کمشنر آزادجموں و کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ 45 حلقوں میں ہونے والے انتخابات میں سے 44 کے رزلٹ آ چکے ہیں ،آزادجموں و کشمیر کے انتخابات میں ٹرن آئوٹ 62 فیصد رہا، تحریک انصاف نے 25 ، پیپلزپارٹی نے 11،مسلم لیگ ن نے 6 ،مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی نے ایک ،ایک نشست حاصل کی ۔امن و امان برقرار رکھنے اور شفاف الیکشن کے انعقاد میں پاک فوج ،سول آرمڈ فورسز،انتظامیہ اور عدلیہ نے بھرپور کردار ادا کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر آباد میں ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر اور ڈی جی اطلاعات راجہ اظہر اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزادجموں و کشمیر کے ایک حلقے ایل اے 16 کے 4 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہو گی ۔ ہماری کوشش ہو گی کہ 29 جولائی سے قبل پولنگ کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد میں میڈیا بالخصوص محکمہ اطلاعات کا تعاون مثالی رہا ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ دھاندلی کی ایک بھی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حلقے کے رزلٹ نہیں روکے گئے ، پولنگ کے اختتام پر متعلقہ پریذائیڈنگ آفیسرز نے نتائج کا اعلان کیا۔چیف الیکشن کمشنر نے گزشتہ روز الیکشن ڈیوٹی کے دوران گاڑی کھائی میں گرنے سے ڈیوٹی پر مامورپاک فوج کے چار جوانوں کی شہادت پر ان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں