لاہور میں بارش :کئی فیڈر ٹرپ ، بجلی گھنٹوں بند رہی
تین روزشدید بارشوں کا امکان،ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ:محکمہ موسمیات
لاہور (سٹاف رپورٹر سے ، لیڈی رپورٹر ،دنیا نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں،آج سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون کی شدید بارشوں کا امکان ہے ۔گزشتہ روز بھی صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں مون سون کی بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جیل روڈ پر 0.6، گلبرگ ، مغلپورہ اور فرخ آباد ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔شہر میں بارش اور فنی خرابیوں کے باعث کئی فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے تاج پورہ ،گوالمنڈی ،اکبری گیٹ ،دہلی گیٹ، شیرانوالہ ، شاہ عالم،قلعہ گجر سنگھ ،شادباغ ،مانگا منڈی ،ایاز ٹائون، گرین ٹائون کے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ،دوسری جانب آلودگی میں کمی سے شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 86 ریکارڈ کیا گیا، علاوہ ازیں سیالکوٹ میں 51سے 62،منگلا 41، گجرات 31 ،اسلام آبادمیں 5سے 15،جہلم10،نارووال میں 4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے جمعہ کے دوران کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک ، چکوال ، جہلم ، گجرات ، منڈی بہاؤالدین ،سیالکوٹ ، نارووال ، گوجرانوالہ ، حافظ آباد ، لاہور ، فیصل آباد ، سر گودھا، میانوالی اور پختونخوا کے بیشتر شہروں میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔جس سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ۔اس دوران راولپنڈی ، گوجرانوالہ، لاہور ،فیصل آباد اورپشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔