مریم کی جارحانہ پالیسی ناکام ، پی پی کی 11سیٹیں حیران کن

مریم کی جارحانہ پالیسی ناکام ، پی پی کی 11سیٹیں حیران کن

پی ٹی آئی کی زیادہ سیٹیں ہوسکتی تھیں ،علی امین کی زبان اثر انداز ہوئی :حبیب اکرم ، لگتا ہے ن لیگ کو کئی انجن لگے ہوئے ہیں :شامی ، دنیا کامران خان کیساتھ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پروگرام ’’دنیا کامران خان کے ساتھ ‘‘ کے میزبان کامران خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں واضح اکثریت سے پہلی پی ٹی آئی حکومت بنے گی، پیپلز پارٹی کی 11سیٹیں حیران کن ہیں ۔مریم نواز کا جارحانہ بیانیہ ن لیگیوں نے بھی مسترد کردیا ،عمران خان کے کامیاب جلسوں نے فتح یقینی بنائی ،نواز شریف کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،نہ گلگت میں اور نہ کشمیر میں جارحانہ پالیسی کام آئی ،مریم نواز مہم تو خوب چلاتی ہیں لیکن کامیابی کا فارمولا ان کے پاس نہیں ۔شہباز شریف کو مصالحانہ بیانیے سمیت گھر بٹھانا کام نہیں آیا ۔پروگرام ’’اختلافی نوٹ ‘‘ کے تجزیہ کار حبیب اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آزاد کشمیر میں 16 نشستیں یقینی تھیں ،اگر مہم اچھی چلائی جاتی تو 25 سے زیادہ سیٹیں بھی ہوسکتی تھیں ،پانچ سیٹوں پر علی امین گنڈا پور کی زبان اثر انداز ہوئی ۔عمران خان نے ریفرنڈم کی بات کرکے لوگوں کو اپنی طرف کیا ،مریم نواز نے جی بی میں اچھی مہم چلائی لیکن نتیجہ اچھا نہیں رہا ،کشمیر میں بھی ایسا ہوا۔یہاں بھی ان کا بیانیہ کلک نہیں کرسکا ۔ن لیگ نے کہیں بھی مسائل کو حل کرنے کی بات نہیں کی ،ووٹ کو عزت دینے کی بات کی جاتی رہی ۔گرائونڈ پر صرف پیپلز پارٹی کا کارکن موجود ہے ۔پروگرام ’’نقطہ نظر ‘‘ کے تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہا ووٹوں کا جائزہ لیا جائے تو ن لیگ کیلئے مایوس کن صورتحال نہیں ،پی ٹی آئی نے 32 فیصد،ن لیگ نے 26 فیصد اور پیپلز پارٹی نے 18 فیصد ووٹ لئے ،مریم نواز پاکستان کی سیاست پر بات کرتی رہیں لیکن کشمیر پر بات نہیں کی جو لوگ سننا چاہتے تھے ،انتخابی مہم کو کشمیر کی آزادی سے جوڑنا چاہیے تھا جو نہیں جوڑا گیا ۔آزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج ن لیگ کیلئے تشویش کا باعث ضرور ہیں ،ن لیگ انتظامی طور پر کشمکش کا شکار ہے ،ن لیگ نے امیدواروں کے چنائو اور الیکشن مہم میں زیادہ سر گرمی نہیں دکھائی ،لگتا ہے پنجاب میں ن لیگ کی تنظیم کو کئی انجن لگے ہوئے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں