قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی ، اربوں کی سرکاری اراضی واگزار

قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی ، اربوں کی سرکاری اراضی واگزار

بھسین گائوں سے 91کنال اراضی پر وزیراعوان اور اسلم نامی افراد قابض تھے ، شہریوں کو قبضہ گروپوں ، بدمعاشوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں،سی سی پی او

لاہور (خبر نگار سے )لاہور پولیس کی بااثر قبضہ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ کینٹ ڈویژن پولیس نے بھسین گاؤں باٹا پور کے علاقے میں اربوں روپے مالیت کی 91 کنال سرکاری اراضی قبضہ گروپوں سے واگزار کروالی۔ایس پی کینٹ صاعد عزیز نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر قبضہ واگزار کروانے کے لئے لاہور پولیس اور اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے مشترکہ کارروائی کی جس میں لاہور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ایس پی کینٹ نے مزید بتایا کہ وزیر اعوان 35 کنال سرکاری اراضی پر مبینہ طور پر ایک ہاؤسنگ کالونی بنا رہا تھا جبکہ 7 ایکڑ سے زائد رقبہ پر اسلم نامی شخص قابض تھا۔واگزار کروائی گئی سرکاری اراضی کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے ۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب کی ہدایت پر قبضہ گروپوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیاگیا ہے ۔ کسی بھی شخص کوسرکاری و شہریوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر قابض نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو قبضہ گروپوں اور بدمعاشوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں،لاہور پولیس ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے ہوئے ہے ۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ لاہور کے بدنام زمانہ قبضہ گروپ کے خلاف آپریشن میں 26 کروڑ روپے مالیت کی مزید 210 کنال زمین واگزار کروائی گئی۔ اب تک 450 ارب سے زائد مالیت کی زمین واگزار کروا جا چکی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں