ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیل انٹرنیٹ پر جاری کرنا سکیورٹی رسک ، بچے غیر محفوظ ، قائمہ کمیٹی

ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیل انٹرنیٹ پر جاری کرنا سکیورٹی رسک ، بچے غیر محفوظ ، قائمہ کمیٹی

تفصیلات اپ لوڈ کرنے سے پرائیویسی ختم ،آپ کیا چاہتے ہیں لوگ میرے بچوں کو اغوا کرلیں :سینیٹر فاروق نائیک ، تاج حیدر کی زیرصدارت سیکشن 138ختم کرنیکی تجویز، صورتحال خراب ہوسکتی،وزیر مملکت علی محمد کی بھی حمایت

اسلام آباد (آئی این پی )اراکین پارلیمنٹ نے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کرنے کو سکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر آدمی کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت ہے اور ہمارے بچے غیر محفوظ ہوجائیں گے ، حکومت نے بھی حمایت کردی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے چیئرمین تاج حیدر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انتخابی ترمیمی ایکٹ بل 2021 اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات کا معاملہ زیر بحث آیا تو ارکان پھٹ پڑے اور ارکان کی تفصیلات اپلوڈ کرنے کے عمل کو خطرناک قرار دیتے ہوئے سیکشن 138 ختم کرنے کی تجویز دے دی۔پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر فاروق نائیک نے کہا کہ اثاثوں کی تفصیلات اپلوڈ کرنا ہمارے بچوں کے لیے رسک کا سبب بن سکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ تفصیلات اپلوڈ کرنے سے ارکان کی پرائیویسی ختم ہوجاتی ہے ، آپ کیا چاہتے ہیں کہ لوگ آکر میرے بچوں کو اغوا کرلیں ۔وزیر مملکت علی محمد خان نے ارکان کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تفصیلات اپلوڈ کرنے سے صورتحال خراب ہو سکتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں