موٹر سائیکل ، رکشہ ، گاڑیوں کے جرمانوں میں اضافے کا فیصلہ

موٹر سائیکل ، رکشہ ، گاڑیوں کے جرمانوں میں اضافے کا فیصلہ

جرمانوں میں 110سے 125فیصد اضافہ ہو گا، ترمیمی بل اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع ،جمعرات کو ایجنڈے میں شامل ہوگا ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل پر 600،موبائل فون کے استعمال پر 500، گاڑی پر 750، بڑی گاڑیوں پر 1500 جرمانہ ، غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کے استعمال پر موٹر سائیکل ،رکشہ 1000، موٹر کار 2000، بڑی گاڑیوں کو 5ہزار جرمانہ ہوگا

لاہور(اپنے سیاسی رپورٹر سے )حکومت کی طرف سے عوام کے لئے ایک اور مشکل میں اضافہ ، موٹر سائیکل و رکشہ اور دیگر موٹر وہیکلز کے جرمانوں میں 110 سے 125 فیصد اضافے کا حتمی فیصلہ کرلیاگیا۔پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں اضافے کا ترمیمی بل اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادیا،جمعرات کو اسمبلی میں متعارف کرانے کے لئے ایجنڈے میں شامل کردیا جائے گا، نئے ترمیمی بل کے مطابق موٹر سائیکل اور رکشہ کی حد رفتاری سے تجاوز پر جرمانہ 500 روپے ہوگا،گاڑی 750 ،ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر کا جرمانہ 1000 روپے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سگنل کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل اور رکشہ کا جرمانہ 500 روپے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، گاڑی 750 جبکہ ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر پر 1500 روپے جرمانہ بڑھانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر موٹر سائیکل اور رکشہ کو 600 ، موٹر کار 750 اور بڑی گاڑیوں کو 1500روپے تک جرمانہ کی سفارش کی گئی ہے ۔بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 600 روپے ،موبائل فون کے استعمال پر 500 روپے جبکہ گاڑی پر 750 اور مال بردار پبلک ٹرانسپورٹ پر 1500 روپے جرمانہ عائد کیا جائیگا۔ سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر موٹر کار پر 750 ، بڑی گاڑیوں پر 1000 روپے جرمانہ ہوگا۔پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل اور رکشہ 400 ،کار750اور بڑی گاڑیوں کو 1500جرمانہ ہوگا۔غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کے استعمال پر موٹر سائیکل اور رکشہ 1000، موٹر کار 2000اور بڑی گاڑیوں کو 5000 روپے جرمانہ ہوگا۔دوران ڈرائیونگ سگریٹ نوشی پر موٹر سائیکل اور رکشہ 500 ، موٹر کار 600 اور بڑی گاڑیوں پر 1000 روپے جرمانہ ہوگا۔غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور رکشہ چلانے پر 400 ، موٹر کار 750،مال بردار گاڑیوں پر 1500 روپے جرمانہ ہوگا۔ نابالغ کے موٹر سائیکل اور رکشہ چلانے پر 600 روپے ، موٹر کار 1000اور بڑی گاڑیوں پر 1500 روپے جرمانہ ہوگا۔بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ گاڑی سڑک پر لانے پر رکشہ 400 جبکہ پبلک اور مال بردار ٹرانسپورٹ کو 1500 روپے جرمانہ ہوگا۔بل کے تحت مال بردار گاڑیوں کی اوورلوڈنگ پر 500 سے 1000 روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔موٹر سائیکل اور رکشہ پر تیز چمکدار لائٹ استعمال کرنے پر400 روپے ،گاڑیوں کو 600 جبکہ ٹریکٹر،ٹرالی اور ٹرالر کو 1000 روپے جرمانہ ہوگا۔ ون وے کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل اور رکشہ کو 400 روپے ،مو ٹر کار کو 750 جبکہ ٹریکٹر ٹرالی کو 1000 روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ گاڑیوں پر کالے شیشے کے استعمال پر 750 روپے جبکہ بڑی گاڑیوں پر 1000 روپے جرمانہ ہوگا۔زیبرہ کراسنگ،لین کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل اور رکشہ 400 ، گاڑیوں کو 600 مال بردار کو 1000 روپے جرمانہ ہوگا۔بل کے تحت پریشر ہارن ،اونچی آواز میں میوزک بجانے پر موٹر سائیکل،رکشہ اور کار 400 ، بڑی گاڑیوں کو 1000 روپے جرمانہ ہوگا۔خطرناک انداز میں ڈرائیونگ پر موٹر سائیکل اور رکشہ 500 روپے ، موٹر کار 750 اور مال بردار گاڑیوں کو 1500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔بل منظور ہونے کی صورت میں فوری طور پر نافذ العمل ہو جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں