کورونا : مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 7 فیصد ، 3752 نئے مریض ، 32 جاں بحق

کورونا : مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 7 فیصد ،  3752 نئے مریض ،  32 جاں بحق

لاہورسمیت5شہروں میں گھرگھرجاکر ویکسین لگانے کی مہم کا افتتاح،مزید32لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں ، کراچی میں مثبت کیسزسب سے زیادہ24.82فیصد،سمارٹ لاک ڈائون کاخاتمہ100فیصد ویکسی نیشن سے مشروط

اسلام آباد،لاہور(نیوز رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 7 فیصد تک پہنچ گئی، گزشتہ روز 3752 نئے مریض سامنے آئے جو کہ مئی 2021 کے بعد سب سے زیادہ تعدا د ہے جبکہ 32 افراد دم توڑ گئے ۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 8 ہزار 446 ہوگئی جن میں 9 لاکھ 27 ہزار 599 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، 23 ہزار 48 اموات ہوئی ہیں جبکہ 2 ہزار 677 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ، گزشتہ روز سندھ میں 19، پنجاب میں 5، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں 3،3، اسلام آباد، گلگت بلتستان میں ایک، ایک مریض جاں بحق ہوا، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 24.82 فیصد،مظفرآباد 19.76 فیصد، راولپنڈی 18.59 فیصد، سکردو 14.66 فیصد، پشاور 12.41 فیصد اور اسلام آباد میں 10.95 فیصد رہی، بلوچستان میں یہ شرح 5.5 فیصد سے بڑھ کر 11 فیصد ہو گئی۔ دریں اثنا لاہور سمیت 5 شہروں میں گھر گھر کورونا ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ وزیر صحت یاسمین راشد نے ڈور ٹو ڈور ویکسین مہم کا افتتاح کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے ، ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا خاتمہ اب 100 فیصد ویکسی نیشن کے بعد ہی ہوگا، سمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقے کے ہر رہائشی کی کورونا ویکسی نیشن ہوگی، ذرائع کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن ایریاز میں موبائل ویکسی نیشن ٹیمز تعینات ہونگی، سمارٹ لاک ڈاؤن ایریاز میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت ملکر کام کریں گے ۔ ادھر کورونا وبا کے باعث پاکستان تاحال ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں کے باشندے عمرہ کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس کا سفر نہیں کرسکتے ، پاکستانیوں کو عمرہ کی اجازت صرف اس صورت میں ہوگی جب وہ سعودی حکومت کی منظور کردہ ویکسین لگوائیں اور مملکت میں داخلے سے قبل کسی اور ملک میں 14 روزہ قرنطینہ کی شرط پوری کریں۔ دوسری جانب کورونا وبا کے دوران ملک میں فعال 32 سعودی ویزا ایپلی کیشن سنٹرز میں سے 27 سنٹرز بند کر دیئے گئے ہیں جس کے باعث عمرہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد بھی زائرین عمرہ کی مشکلات میں کمی ہوتی نظر نہیں آرہی، کورونا وبا سے قبل پاکستان سے ہر سال 22 لاکھ سے زائد عازمین عمرہ کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس کا سفر کرتے تھے جبکہ 27 لاکھ پاکستانی ملازمت کی غرض سے مملکت میں مقیم تھے ۔ علاوہ ازیں کوویکس کے تحت پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی دوسری کھیپ مل گئی جو کہ 30 لاکھ خوراکوں پر مشتمل ہے جبکہ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق کنسائنو کمپنی کی بھی مزید 2 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں جنہیں وزارت صحت کے سپرد کردیا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں