کوہ پیما محمد علی سدپارہ کا جسد خاکی کے ٹو سے مل گیا

 کوہ پیما محمد علی سدپارہ کا جسد خاکی کے ٹو سے مل گیا

نیپالی شرپاز کے گروپ نے بوٹل نیک سے 300میٹر نیچے لاشوں کو دیکھا ، فروری سے لاپتہ تین کوہ پیماؤں کی لاشیں مل گئی :وزیراطلاعات گلگت بلتستان

سکردو(دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کے ٹو پر رواں سال فروری میں لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی لاش مل گئی ، نیپالی شرپاز کے گروپ نے بوٹل نیک کے قریب لاشوں کی نشاندہی کی، ایلسنڈرو فلیپ پینی کے مطابق کے ٹو سر کرنے کی مہم پر موجود نیپالی کوہ پیماؤں نے کیمپ 4 سے اوپر لاشیں دیکھیں جن میں سے ایک محمد علی سدپارہ کی ہے ،ساجد سدپارہ نے والد کی لاش ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم والد کا جسدِ خاکی بوٹل نیک سے 300 میٹر نیچے کھائی میں نظر آرہا ہے ، والد کے دیگر ساتھی جان پابلو کی باڈی بھی نظر آرہی ہے ، والد کے جسدِ خاکی کو نکالنے کی تدبیر پر غور کررہے ہیں، صبح تک باڈی کو نکالنے کی کوشش کریں گے ، قوم سے مشن کی کامیابی کیلئے دعاؤں کی اپیل کرتا ہوں، وزیر اطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے ٹی وی سے گفتگو میں دعویٰ کیا ہے کہ علی سدپارہ سمیت تین کوہ پیماؤں کی لاشیں ملی ہیں، پہلی لاش کی نشاندہی صبح 9 بجے ہوئی ہے اور وہ لاش جان سنوری کی ہے جس نے پیلے اور کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے جبکہ دیگر لاشوں کی 12 بجے نشاندہی ہوئی،لاشوں تک پہنچنے کیلئے ہیلی کاپٹر سٹینڈ بائی ہیں۔ واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں محمد علی سدپارہ اپنے 2 غیر ملکی کوہ پیما ساتھیوں جان سنوری اور جان پابلو موہر کے ساتھ کے ٹو کو سرد موسم میں سر کرنے کی مہم پر نکلے تھے تاہم رابطہ منقطع ہونے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا لیکن ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں