مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پاکستان سے ملکر کام کرتے رہیں گے : سعودی وزیر خارجہ

مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پاکستان سے ملکر کام کرتے رہیں گے : سعودی وزیر خارجہ

سفری پابندیوں میں نرمی پرکام کر رہے :شہزادہ فیصل بن فرحان،صدر علوی ، وزیر اعظم عمران خان ، شاہ محمود سے ملاقاتیں ، یمن، افغانستان، اقتصادی ،ثقافتی تعاون ، اعلیٰ مشاورتی کونسل پر وزارت خارجہ میں مذاکرات،پریس کانفرنس، پودا لگایا

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار، سیاسی رپورٹر، دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں)سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے دورہ پاکستان کے موقع پر صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمو دقریشی سے ملاقاتیں کیں،اس موقع پر پاکستان سعودی عرب میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ،مسئلہ کشمیر،فلسطین اور خطے میں امن و سلامتی کیلئے مل کر کام کرتے رہنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کا کردار قابل تعریف ہے ، کورونا سے متعلقہ سفری پابندیوں کی وجہ سے سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی بروقت واپسی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ معاشی جہت کو تقویت دینے ، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں،افغانستان میں تمام فریقین کو سیاسی حل کیلئے تعمیری اور بامقصد بات چیت کرنی چاہیے ۔ سعودی وفد نے پرتپاک خیرمقدم کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ شہزادہ فیصل نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا حامل ہے ، یہ تعلقات اخوت اور بھائی چارے پر مبنی ہیں، انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے سٹرٹیجک احکامات کی روشنی میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا سعودی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے ۔ قبل ازیں پاکستان پہنچنے پر سعودی وزیرخارجہ نے وزارت خارجہ کا دوہ کیا ، جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل بن فرحان السعود نے کہا وزیراعظم عمران خان کے مئی میں سعودی عرب کے دورے کا فالواپ دورہ کررہا ہوں،عمران خان کی ماحولیاتی پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہیں ،علاقائی معاملات پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہم آہنگی ہے اور دونوں ممالک سمجھتے ہیں کہ پرامن خطے کیلئے سکیورٹی اور استحکام بہت اہم ہے ،مذاکرات میں یمن، افغانستان، کشمیر اور فلسطین جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں ملکوں کے درمیان تمام امور پر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے ، خواہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ہو یا فلسطین کا ،ہم نے اپنے موقف کو کوآرڈی نیٹ کیا ہے ۔سعودی عرب میں 17 لاکھ پاکستانیوں کو ویکسین لگائی گئی ہے ،سفری پابندیوں پر نرمی کیلئے کام کررہے ہیں ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہم نے اقتصادی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے ، دونوں ممالک وزارت خارجہ میں فوکل پرسنز تعینات کریں گے ۔ گرین سعودی عرب،گرین مڈل ایسٹ اور وزیر اعظم عمران خان کا ویژن کلین گرین پاکستان آپس میں مطابقت رکھتے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ پاکستان اورسعودی عرب ثقافتی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، پاکستانیوں کیلئے ویزوں کے حصول میں آسانی لائی جائے ،سعودی عرب میں مقیم 25 لاکھ پاکستانی وہاں اپنے گلوکاروں کی پرفارمنس دیکھنا چاہتے ہیں۔ جامع مذاکرات سے افغان مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے ۔ سعودی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کے ہمراہ وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا ۔ علاوہ ازیں سعود ی وزیر خارجہ ایک روزہ دورے کے بعد واپس چلے گئے ۔نور خان ایئر بیس پر حافظ طاہر محمود اشرفی ،سعودی سفیر اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے انہیں رخصت کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں