پی پی 38سیالکوٹ میں آج ضمنی الیکشن،مقامی تعطیل کا اعلان

پی پی 38سیالکوٹ میں آج ضمنی  الیکشن،مقامی تعطیل کا اعلان

پی پی 38سیالکوٹ 4 کا ضمنی الیکشن آج ہو گا

لاہور،سیالکوٹ (کورٹ رپورٹر،اے پی پی) انتخابات کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ،دیگر6 آزاد امیدوار بھی قسمت آزمائی کے لیے میدان میں ہیں۔ حلقہ کی آبادی تین لاکھ 69 ہزار ایک سو نفوس پر مشتمل ہے ۔ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار چار سو 22 ہے جن میں1 لاکھ28 ہزار 128مرد اور1 لاکھ5ہزار294خواتین شامل ہیں جن کے لیے 165پولنگ سٹیشن ، 487 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں ۔مذکورہ نشست مسلم لیگ ن کے خوش اختر سبحانی کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ ادھرصوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے الیکشن سامان کی ترسیل اپنی نگرانی میں مکمل کرائی اور صاف شفاف الیکشن کے حوالے سے تمام انتظامات کا جائزہ بھی لیا ۔بارش کے باوجود پریذائیڈنگ افسران کی آمد اور انتخابی سامان کی تقسیم کا سلسلہ احسن طریقے سے جاری رہا جبکہ صوبائی حکومت نے آج مقامی تعطیل کا اعلان کردیا،اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیاگیا ہے ۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے 28 جولائی کو ضمنی الیکشن PP-38 کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں