ملکوال : عدالت میں پیشی سے واپسی پر فائرنگ، 4افراد جاں بحق
ترکھان برادری کے محمد خان، محبوب الٰہی اور عاقب علی کارڈرائیور کیساتھ اپنے گاؤں میانہ گوندل واپس جارہے تھے ، چوٹ دھیراں کے قریب مبینہ طور پر تلہ برادری کے افراد نے فائرنگ کردی :ملزموں کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی
ملکوال،پھالیہ(سٹی رپورٹر،نامہ نگار ) پرانی دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ سے عدالت میں پیشی سے واپس آنیوالے 4افرادجاں بحق ہوگئے ، بتایاگیاہے کہ ملکوال کے نواحی علاقہ میانہ گوندل کی تلہ اور ترکھان برادری کے درمیان 2017 میں اس وقت دشمنی شروع ہوئی جب تلہ برادری نے ترکھان برادری کے شخص کو قتل کیا، اسکے بعد 2020 میں ترکھان برادری نے تلہ برادری کے ایک شخص احمد کومارڈالا ، 4 سالوں سے دونوں برادریوں کے کیسز عدالتوں میں چل رہے تھے کہ گزشتہ روز ملکوال کی عدالت سے پیشی کے بعد ترکھان برادری کے محمد خان، محبوب الٰہی اور عاقب علی کار میں واپس اپنے گاؤں میانہ گوندل جارہے تھے کہ راستے میں چوٹ دھیراں کے قریب مبینہ طور پر تلہ برادری کے لوگوں نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے ڈرائیور متین ،محمد خان، محبوب الٰہی اور عاقب موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزم فرارہوگئے ، ایس ایچ او تھانہ ملکوال ارمغان مسقط نے کہا کہ ملزموں کی گرفتاری کیلئے علاقہ کی ناکہ بندی کر دی ،جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔