کورونا : سندھ پولیس ٹریننگ سنٹر بند، کراچی میں شام 6 بجے کے بعد گھر سے نکلنے پر پابندی

کورونا : سندھ پولیس ٹریننگ سنٹر بند، کراچی میں شام 6 بجے کے بعد گھر سے نکلنے پر پابندی

مزید39جاں بحق،3262نئے کیسز،پنجاب میں بھارتی کوروناکے وارتیز،کراچی میں مثبت کیسز26.32فیصد ، ویکسی نیشن کے بغیرفضائی میزبانوں کی ڈیوٹی،سندھ کی سبزی منڈیوں میں داخلے ،گوادرمیں خریداری پرپابندی

لاہور،اسلام آباد،کراچی،کوئٹہ(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نیوز رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں )پنجاب میں بھی بھارتی کورونا کے وار تیز ہوگئے ، عید کے بعد ڈیلٹا کورونا کے مزید 100 کیسز سامنے آگئے جس سے تعداد 180ہوگئی، ادھر کراچی میں کورونا 4 گنا بڑھ گیا،ہسپتال بھر گئے ،روزانہ 2 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہونے لگے ، مثبت کیسوں کی شرح 26.32 فیصد ہوگئی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹاسک فورس اجلاس میں کہا کورونا پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ، کوئی غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلے ، کمشنر اور آئی جی سندھ کراچی میں شام 6 بجے کے بعد غیرضروری نکلنے پر مکمل پابندی لگائیں، پتا چلا ہے کہ ٹیوشن سنٹرز چل رہے ہیں، انہیں بھی بند کرائیں، جمعہ کو دوبارہ شہر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید اقدامات کریں گے ، وزیراعلیٰ نے سٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کیلئے صوبائی وزرا پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کردی جس میں ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب اور اویس شاہ شامل ہیں۔ وزیر زراعت اسماعیل راہو نے کراچی سمیت سندھ بھر کی سبزی منڈیوں میں کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ اور ماسک کے بغیر داخلہ پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،جبکہ سندھ پولیس کے ٹریننگ سنٹر بھی ایک ماہ کیلئے یعنی 27اگست تک بند کردئیے گئے ،پی آئی اے نے ویکسی نیشن کے بغیر فضائی میزبانوں کی ڈیوٹی پر پابندی لگادی،فضائی میزبانوں کے ڈیوٹی فری شاپ جانے پر بھی پابندی ہوگی،دریں اثنا وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر قیادت این سی او سی کے اجلاس میں کراچی میں وبا کی بگڑتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، این سی او سی نے سندھ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی توثیق کردی اور اس سلسلے میں وفاق کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس میں کہا ایران کے ساتھ سرحدی علاقوں میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، بلوچستان میں کیسز کے پھیلائو کی شرح 11 فیصد سے بڑھ سکتی ہے ، یہ شرح 20 فیصد تک پہنچ گئی تو مکمل لاک ڈائون کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا، گوادر میں ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد کے خریداری کرنے پر پابندی لگادی گئی، ڈپٹی کمشنر چمن کا کہنا ہے کہ چمن بارڈر عبور کرنیوالے مسافروں کی ویکسی نیشن اور آر اے ٹی ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ، این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز ملک میں 39اموات ہوئیں جبکہ 3262 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 11 ہزار 708 ہوگئی جن میں 9 لاکھ 28 ہزار 722 صحتیاب ہوچکے ہیں، 23 ہزار 87 افراد کا انتقال ہوگیا ہے ، 2 ہزار 722 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ گزشتہ روز لاہور میں 6جبکہ پنجاب میں 22 اموات ہوئیں، صوبے میں 457 نئے مریض سامنے آگئے ، پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 2.5 فیصد جبکہ لاہور میں 3.6 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے ٹویٹ کے مطابق سائنو ویک کمپنی کی مزید 30 لاکھ ویکسین قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے ذریعے پاکستان پہنچ گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں