بحرین سے دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم :شاہ محمود

بحرین سے دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم :شاہ محمود

فیٹف معاملے پر بحرین کی حمایت پر تہہ دل سے ممنون ہیں،نائب وزیر اعظم سے ملاقات

اسلام آباد ،کراچی(وقائع نگار،اے پی پی،صباح نیوز )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اقتصادی، تجارتی و باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو منامہ میں بحرین کے نائب وزیر اعظم شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ سے ملاقات کے دوران کہی۔دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔پاک بحرین تعلقات یکساں مذہبی ،ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں معاشی ترجیحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم فیٹف کے معاملے پر بحرین کی طرف سے فراہم کردہ حمایت پر تہہ دل سے ممنون ہیں۔بحرینی نائب وزیرا عظم نے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لئے خیر سگالی کا پیغام دیا۔انہوں نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی بحرین کی تعمیر اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر منامہ پہنچے تو بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد اور پاکستانی سفیر نے ان کا خیر مقدم کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں