سزا پوری 8ممالک کے 39قیدی رہا نہ ہوسکے

سزا پوری 8ممالک کے 39قیدی رہا نہ ہوسکے

سفارتخانے کوائف کی تصدیق نہیں کررہے ،زیادہ تر بھارتی شامل:ذرائع ، پنجاب کی 43جیلوں میں48ہزار قیدی ، 80فیصد کی کورونا ویکسی نیشن

لاہور (نیوز رپورٹر ) 8 ممالک کے 39قیدی متعلقہ سفارت خانے کی جانب سے کوائف کی تصدیق نہ کرنے پر جیلوں میں ہی سزا کاٹنے پر مجبور، سزائیں پوری ہوگئیں ، لیکن رہائی پھربھی نہ ہوسکی۔تفصیلات کے مطابق غیرملکی قیدیوں کی قیدپوری ہونے کے باوجود انہیں رہائی نہ ملی ۔ عدالتی احکامات کے باوجود قیدیوں کا متعلقہ سفارتخانہ ذمہ داری نہیں لے رہا۔ سب سے زیادہ انڈیا کے 19 قیدی شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کے 6، افغانستان 5 اوربرماکے 3 قیدی مختلف جیلوں میں موجود ہیں جبکہ تنزانیہ کے 2، دبئی 1، ڈومینیکا 1اورامریکا کے 2 قیدی ہیں۔سزامکمل ہونے سے 6 ماہ قبل عدالتی حکم پرمتعلقہ سفارتخانہ کو پاسپورٹ ودیگر کوائف کے لئے آگاہ کردیا جاتاہے تاکہ کوائف مکمل کرکے واپسی کاٹکٹ خریدکربھجوایا جائے ، اس سے پہلے ایسے کئی قیدی ہیں ، جن کی ساری زندگی انہی جیلوں میں گزر گئی ۔دوسری جانب لاہورسمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے ۔ جیل حکام کے مطابق 43جیلوں میں اب تک 80فیصدسے زائد قیدیوں اور جیل عملے کو ویکسین لگا دی گئی۔ جیلوں میں اس وقت 48 ہزارسے زائد قیدی موجود ہیں، جن میں سے 38 ہزار سے زائد قیدیوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی ہے جبکہ 15ہزارسے زائددوسری ڈوزبھی لگوا چکے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں