کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات،پی ٹی آئی اور ن لیگ کے امیدواروں کا اعلان
تحریک انصاف نے لاہورکینٹ ،والٹن سمیت کھاریاں ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹ جاری کردیئے
لاہور ( اپنے سیاسی رپورٹر سے ،سیاسی رپورٹر سے ) تحریک انصاف نے لاہور کینٹ کیلئے احمد فاروق ڈوگر ، محمد عظیم اختر ، استاد رشید احمد ، راجہ شہزاد حسین ، میجر (ر) عرفان اکبر ، عمر طالب اور صابر حسین کو ٹکٹ جاری کیے ہیں ،لاہور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے بھی سات وارڈز کیلئے پارٹی ٹکٹ جاری ، جبکہ تین بارے فیصلے زیر التوا ہیں ۔ گوجرانوالہ کنٹونمنٹ بورڈبلدیاتی انتخابات کیلئے بھی نو وارڈز کے ٹکٹ جاری کردیئے جبکہ ایک زیر التوا ہے اسی طرح سیالکوٹ کنٹونمنٹ بورڈ کے پانچ وارڈز ، کھاریاں کے دو وارڈز کیلئے ٹکٹ جاری کیے ہیں ،پارٹی ٹکٹس کے نوٹیفکیشن بھی جاری کردئیے گئے ، ٹکٹس کے خلاف اپیل تین روز کے اندر کی جاسکے گی۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن ) کے پارلیمانی بورڈ نے لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی الیکشن کے اُمیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ۔امیدواروں کا حتمی چناؤ شیخ روحیل اصغر ،ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق سمیت 14 ارکان پر مشتمل خصوصی بورڈ نے کیا۔کنٹونمنٹ بورڈ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی الیکشن ستمبر میں ہونگے ، امیدواروں میں لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کی وارڈ نمبر 1 سے علی حسن عباس ،وارڈ نمبر 2 رضوان شفقت ،وارڈ نمبر 3 سے راجہ لیاقت علی، وارڈ نمبر 4 سے آصف علی، وارڈ نمبر 5 سے میجر (ر) زاہد محمود، وارڈ نمبر 6 سے شہباز بھٹی ، وارڈ نمبر 7 سے میاں بابر اشرف ، وارڈ نمبر 8 سے نعیم شہزاد ، وارڈ نمبر 9 سے اسد ایوب جبکہ وارڈ نمبر 10 سے محمد جعفر میدان میں اتریں گے ۔والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے لیے ، وارڈ نمبر 1 سے اشفاق احمد ،وارڈ نمبر 2 سے محمد حنیف ، وارڈ نمبر 3 سے محمد شریف ، وارڈ نمبر 4 سے فقیر حسین ، وارڈ نمبر 5 سے راجہ نور سبحانی ،وارڈ نمبر 6 سے نعمان نعیم ، وارڈ نمبر 7 سے محمد نعیم ،وارڈ نمبر 8 سے محمد عشارب سوہل ، وارڈ نمبر 9 سے کرامت علی اور وارڈ نمبر 10 سے منیر حسین میدان میں اتریں گے ۔