ای سی سی : ایک لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری ، کورونا پیکیج کے 352 ارب رواں سال خرچ ہونگے

ای سی سی : ایک لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری ، کورونا پیکیج کے 352 ارب رواں سال خرچ ہونگے

رقم کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے بھی استعمال کی جائے گی،کپاس کی امدادی قیمت پر مزید مشاورت کی ہدایت ، سٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک کا مسودہ اگلے اجلاس میں پیش ہوگا،وزیر خزانہ کی زیرصدات اجلاس میں فیصلہ

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ملک میں چینی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک لاکھ ٹن چینی درآمد اور 1240 ارب روپے کے کورونا ریلیف پیکیج کے غیراستعمال شدہ 352 ارب روپے کے فنڈز جاری مالی سال میں متعلقہ اخراجات بشمول ویکسین کی خریداری کیلئے مختص کرنے کی منظوری دیدی۔ ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جب تک کورونا کی وبا پر مکمل قابو نہیں پالیا جاتا، امداد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور 1240 ارب روپے کے ریلیف پیکیج میں سے بچ جانے والے 352 ارب روپے رواں مالی سال میں خرچ کئے جائیں گے ۔ اس رقم میں سے کورونا کی ویکسین کی خریداری بھی کی جائے گی اور دسمبر 2021 تک 8 کروڑ 50 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ اجلاس میں سٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 2020-25 کا مجوزہ مسودہ تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیرخزانہ نے ہدایت کی مجوزہ پالیسی میں مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ سے متعلق عوامل کا بھی احاطہ کیا جائے ۔ انہوں نے براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور برآمدی صنعت کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے کپاس کی امدادی قیمت سے متعلق سمری پیش کی گئی تاہم ہدایت کی گئی کہ وزارت خزانہ، وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق اور تمام متعلقہ شراکت داروں سے مشارت کا ایک اور دور منعقد کیا جائے جس کی روشنی میں تجاویز اور سفارشات کو حتمی شکل دیکر اسے سمری کی صورت میں وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائیگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں