نیب : مفتاح اسماعیل سمیت 4 انکوائریاں ، مالم جبہ کیس کی محکمانہ تحقیقات کا فیصلہ

نیب : مفتاح اسماعیل سمیت 4 انکوائریاں ، مالم جبہ کیس کی محکمانہ تحقیقات کا فیصلہ

این ایچ اے ،محکمہ آبپاشی ،ریونیو پشاورکے افسروں کیخلاف انکوائریاں بھی شامل، غیر قانو نی کمپنی کے ذریعے لوٹا گیا:اعلامیہ ، بزنس کمیونٹی کی خدمات قابل قدر،میگاکرپشن مقدمات کومنطقی انجام تک پہنچایاجائیگا:چیئرمین نیب جاویداقبال

اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے ) نیب ایگزیکٹو بورڈنے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت دیگر کے خلاف4انکوائریاں شروع کرنے ،مالم جبہ انکوائری محکمانہ تحقیقات کیلئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو بھجوانے جبکہ سید تجمل حسین کے خلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔اعلامیہ کے مطابق نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جس کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں،نیب کی تمام انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی جاتی ہیں جوکہ حتمی نہیں ہوتیں، ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سید تجمل حسین کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس کی منظوری دی گئی،ملزم نے غیر قانونی ٹیسٹنگ کمپنی کے ذریعے جعلی اور متعلقہ محکموں میں اسامیاں نہ ہونے کے باوجود انکی اسامیوں کی اخبارات میں تشہیر کی اوردھوکا دہی سے بڑے پیمانے پر عوام سے بھاری رقوم بھی وصول کیں،اجلاس میں 4 انکوائریز کی منظوری دی گئی جن میں سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور دیگر،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران /اہلکاران اور دیگر کے خلاف دو انکوائریز،محکمہ آبپاشی اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ پشاورکے افسران/اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائریز شامل ہیں ،اعلامیہ میں بتایاگیاکہ اجلاس میں مالم جبہ کیس میں میسرز سیمسن گروپ کی طرف سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر رٹ پٹیشن اوراس سلسلہ میں پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی سر براہی میں بنائی گئی کمیٹی اور متعلقہ کمیٹی کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹینڈرنگ پراسیس میں بعض بے ظابطگیوں کی قانون کے مطابق محکمانہ تحقیقات کے لئے کیس کو چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو اس Condition کے ساتھ بھجوانے کی منظوری دی گئی کہ متعلقہ کیس میں اگرکسی معزز عدالت کا حکم امتناعی اورقانون کے مطابق کوئی امر مانع ہوا تو متعلقہ کیس کو قانون کے مطابق مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بعددیکھا جا سکے گا،اس موقع پر جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کہا نیب بزنس کمیونٹی کی ملک کی ترقی کیلئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، میگا کرپشن مقدمات خصوصاً شوگر، آٹا، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس، اختیارات کا ناجائز استعمال، آمدن سے زائد اثاثے ، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور مضاربہ سکینڈل کے ملزمان کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں