سیالکوٹ : ن لیگ کو اپ سیٹ شکست ، صوبائی نشست تحریک انصاف لے گئی

سیالکوٹ : ن لیگ کو اپ سیٹ شکست ، صوبائی نشست تحریک انصاف لے گئی

احسن سلیم بریار 62657، طارق سبحانی کو56363ووٹ ملے ، جشن ،بزدار،پرویز الٰہی کی مبارکباد ، پی ٹی آئی ، لیگی کارکنوں میں ہاتھا پائی،اسلحے کی نمائش پر 5گرفتار،نقلی شیر بھاگ گیا :فردوس عاشق

سیالکوٹ،لاہور (نمائندہ دنیا ، مانیٹرنگ ڈیسک،سیاسی رپورٹر سے ) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ن لیگ کی اس سیٹ پر حکمران جماعت تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے نوجوان امیدوار احسن سلیم بریار نے 62657 ووٹ لے کر فتح حاصل کی اور (ن)لیگ کی سیٹ چھین لی۔مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری طارق سبحانی 56363ووٹ لے سکے ۔ پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی کارکنوں نے خوب جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا جبکہ خوشی میں مٹھائیاں بھی بانٹی گئیں۔خیال رہے یہ نشست مسلم لیگ ن کے چودھری خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ووٹنگ کے دوران پولنگ سٹیشن 122اور123 پر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی ۔اس دوران سکیورٹی اہلکاروں ا و ررینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا لیا۔ ضمنی انتخاب میں پولنگ سٹیشن کی ناکہ بندی کے دوران 5 ملزموں کو اسلحہ کی نمائش اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق تھانہ کینٹ اور صدر نے رضوان،عاصم،سلیم ظفر،رخسار،علی نجم کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے 5پستول اور گولیاں برآمد کرلیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے خدمت، شرافت اور شفافیت کی سیاست کو کامیاب کرایا۔عثمان بزدار نے کہا پی ٹی آئی نے مخالف جماعت کی نشست جیت کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں صرف دیانتداری کی ہی سیاست چلے گی۔ مخالف جماعت کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ منہ کے بل جا گرا ہے ۔سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مسلم لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور سلیم بریار کو ان کے بیٹے احسن سلیم بریار کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ پرویزالٰہی نے کہا احسن سلیم نے تاریخی فتح حاصل کی ہے ، امید ہے وہ حلقے کے عوام کی بھرپور نمائندگی کریں گے ۔مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے بھی سلیم بریار کو احسن سلیم بریار کے جیتنے پر دلی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پی ٹی آئی امیدوار کی جیت پر خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا عوام نے قومی خزانہ لوٹنے والوں کو مسترد کر دیا ہے ۔ سیالکوٹ میں ضمنی الیکشن پرامن بنانے کا سہرا حکومت اور پی ٹی آئی قیادت کے سر ہے ۔ عوام وزیراعظم عمران خان کے نظریے کی بھرپور تائید کر رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی امیدوار نے سات ہزار 117 ووٹوں کی لیڈ سے فتح حاصل کی۔انہوں نے کہا میرے کارکنوں کو (ن)لیگ نے نوٹوں سے خریدنے کی کوشش کی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے نوٹ کے بجائے ووٹ کوعزت دی۔ سیالکوٹ کے پرامن انتخاب نے مخالفین کے دعوؤں کو غلط ثابت کیا۔حلقہ میں ہر طرف بلا ہی بلا نظر آیا اور نقلی شیر دم دبا کر بھاگ گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے کسی صوبائی وزیر یا عہدیدار کو حلقے میں نہیں دیکھا گیا، یہ ہے وہ تبدیلی اور نظام کو بدلنے کا عزم، میڈیا کی آنکھ گواہ ہے کہ ہمارے مخالفین نے الیکشن قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔ وزیراعظم کی واضح ہدایت تھی کہ الیکشن قوانین کی پاسداری کرنی ہے ۔وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ کیا کہ عوام کا یہ اعتماد عمران خان کے سیاسی ویژن کی کامیابی کی علامت ہے ، ان شاء اللہ تحریک انصاف نئے نظام کی تشکیل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا جنھوں نے پاکستان مخالف بیان دینے والوں کو اپنے ڈرائنگ روم میں بٹھایا انہیں سیالکوٹ والوں نے بھی مسترد کر دیا۔وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے ٹویٹ کیا کہ کشمیرکے بعدسیالکوٹ نے بھی ن لیگ کابیانیہ دفن کردیا،سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی محنت قابل ستائش ہے ۔مریم صفدرسمیت پورے مافیاکاغرورخاک میں مل گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں