مفادات کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا،سراج الحق
پی ٹی آئی ،کے پی کے میں غربت ، پسماندگی ختم کر نے میں مکمل ناکام
لاہور (سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ مفادات کی سیاست نے ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ، پی ٹی آئی کے پی کے میں غربت اور پسماندگی ختم کر نے میں مکمل ناکام ہوگئی ۔ صرف دعوئوں اور وعدوں پر ڈنگ ٹپائوپالیسی جاری ہے ۔ صوبہ میں تعلیم و صحت کے شعبوں اور انفراسٹرکچر کا براحال ہے ۔ فاٹا کے انضمام کے وقت کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے ۔ حکومت نے اب تک کاغذوں پر فاٹا کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا،عملی اقدامات زیرو ہیں ۔ حکومت بارشوں کے نتیجہ میں ہونے والے عوام کے مالی نقصانات کا ازالہ کرے ۔ وزیراعظم غریبوں کو چھت فراہم کرنے کا وعدہ پورا کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی ، نون لیگ اور پی پی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، تینوں جماعتیں آئی ایم ایف کی غلامی ، سودی معیشت کو جاری رکھنا چاہتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر قوم کو عرصہ دراز سے دھوکہ دیا جاتا رہا ہے ۔ مارشل لاز نے رہی سہی کسر نکال دی ۔ پاکستان کی ترقی کے لیے یہاں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا ملک میں دو فیصد سے کم طاقتور افراد نے قبضہ کر رکھاہے ۔ چہرے بدل بدل کر وہی لوگ اقتدار کے ایوانوں میں آجاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں سے گلگت بلتستان اور کے پی کے میں خدانخواستہ مزید نقصان ہوسکتے ہیں ۔ حکومت حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے ۔