تحریک انصاف نے (ن)لیگ کو گھر میں گھس کے مارا: فردوس

تحریک انصاف نے (ن)لیگ کو گھر میں گھس کے مارا: فردوس

نذیرچوہان اور شہزاد اکبر کی ذاتی لڑائی ، حکومت پارٹی نہیں بننا چاہتی ،میڈیا سے گفتگو

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کو سیالکوٹ میں اس کے گھر میں گھس کے مارا۔وریو خاندان کے 40سال سے بنے سیاسی قلعے کو زمین بوس کر دیا ۔ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پی ٹی آئی نے سیالکوٹ میں مسلم لیگ(ن) کی تینوں کلِیاں ایک ساتھ اڑا دیں۔ وزیراعظم عمران خان اور اپنی جماعت کی شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے کہنے پر بریار خاندان کو ٹکٹ دیا۔ ڈاکٹرفردوس نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ایک شخص کہتا تھا کہ ہم نہ جیتے تو میرا نام بدل دینا۔ پوری قوم پوچھ رہی ہے کہ بتاؤ کیا نام ہے تمہارا؟ کس نام سے بلائیں تمہیں؟ نام ان کا ایک ہی ہے کہ وہ ن لیگ کے مالشیئے ہیں اور وہ سیاسی یتیم ہیں جنہوں نے اب تک پارلیمنٹ کی سیڑھیاں نہیں دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی راج کماری کا راج ہر طرف سے ختم ہو رہا ہے ۔ گلگت بلتستان، کشمیر اور اب پی پی38کی شکست نے انہیں کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑا۔جتنے دن آپ قرنطینہ میں ہیں آپ سوچیں کہ آپ نے کیا پایا اور کیا کھویا؟ ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نذیرچوہان اور شہزاد اکبر کی ذاتی لڑائی میں حکومت پارٹی نہیں اور نہ بننا چاہتی ہے ۔ کسی کے خلاف فتویٰ دے کر اسلام سے خارج کرنے کا حق کسی کو نہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کا ہر فیصلہ سر آنکھوں پر ہے لیکن جہاں پنجاب حکومت کا دائرہ کار نہیں وہاں ہم کچھ نہیں کر سکتے ۔ٹویٹ میں فردوس عاشق نے کہاہے کہ قوم پہلی بار شوبازی عیاری ،مکاری اور چوربازاری کے بغیر حقیقی ترقی دیکھ رہی ہے ۔ اب صرف عوام کی خدمت کرنے والے افسر ہی عہدوں پر رہیں گے ۔ آزاد کشمیراورپی پی38کی جیت سے واضح ہوگیا ہے کہ قوم پی ٹی آئی کی طرف سے ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے مطمئن اورآگاہ ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں