شفاف انتخابات کے لیے اصلاحات وقت کی ضرورت : سراج الحق

شفاف انتخابات کے لیے اصلاحات وقت کی ضرورت : سراج الحق

قوم کا آئین ،پارلیمانی سسٹم پر اتفاق، حقیقی جمہوریت کیلئے انتخابات متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت ہونے چاہئیں آزاد کشمیر میں نتائج طے شدہ تھے ،صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑ کر اختلافات کو ہوا نہ دی جائے :میڈیا ورکشاپ سے خطاب

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کا آئین پاکستان اور پارلیمانی سسٹم پر اتفاق ہے ، صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑ کر اختلافات کو ہوا نہ دی جائے ۔ آزاد کشمیر الیکشن میں نتائج طے شدہ تھے ، سرکاری وسائل کو استعمال کیا گیا۔ صاف اور شفاف انتخابات کے لیے الیکٹورل ریفارمز وقت کی ضرورت ہیں۔ حقیقی جمہوریت کیلئے انتخابات متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت ہونے چاہئیں۔ آئی ایم ایف کے اشاروں پر پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے ۔ مہنگائی کی تمام ذمہ داری موجودہ حکومت پر ہے ، غریبوں کے لئے سانس لینا مشکل ہو گیا ۔ مخصوص سیکولر اور لبرل طبقہ افغانستان میں بدلتے حالات سے خوفزدہ ہے ، پاکستانیوں کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔ افغان قوم متحد ہو کر ملک میں امن اور مستحکم حکومت کے قیام کے لئے بات چیت کر ے ۔ پاکستان میں یکساں نظام تعلیم کے حق میں ہیں، مگر ایسا نصاب جو اسلامی اقدار کے خلاف ہو کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔ جماعت اسلامی الیکشن میں پورے ملک میں اپنے نمائندے کھڑے کرے گی۔ الیکشن اپنے جھنڈے ، نشان پر لڑیں گے اور سرپرائز دیں گے ۔ نوجوان مایوس نہ ہوں، حقیقی تبدیلی لانے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی میڈیا ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاداور خود مختار میڈیا کے حامی ہیں، صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے اور خوفزدہ کرنے کے تمام حربوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ میڈیا آزاد ہو گا تو ملک ترقی کرے گا۔ کارکنان تحریک اسلامی میڈیا سے وابستہ افراد کو عزت و احترام دیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے دین کے پیغام کو عام کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں